عام انتخابات، اٹک سے قومی اسمبلی کے 2 اور پنجاب اسمبلی کے 5 حلقوں میں 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے

ہفتہ 9 جون 2018 20:38

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے سلسلہ میں اٹک سے قومی اسمبلی کے 2 اور پنجاب اسمبلی کے 5 حلقوں میں 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں حلقہ پی پی 3 سے ذوالفقار حیات نے ریٹرنگ آفیسر حلقہ پی پی 3 ملک شاہد حسین اعوان کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے اس طرح اس حلقہ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے قبل ازیں جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں تحریک لبیک کے سردار راحت علی خان ،جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے عمران علی خان ،پی پی پی کے ریاض خان بالڑہ ، ذوالفقار حیات ایڈووکیٹ اور ناصر خان بنگو ، تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے سردار محمد علی خان آف شاہراہ سعداللہ اور محمد ارشد حسن ابدال شامل ہیں اسی طرح حلقہ این اے 56 جو تحصیل فتح جنگ پنڈی گھیب اور جنڈ پر مشتمل ہے کے ریٹرننگ آفیسر / ایڈیشنل سیشن جج راجہ شاہد ضمیر کے پاس غلام اصغر ولد محمد اسلم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اس حلقہ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے قبل ازیں جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ملک اعتبار خان ، تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے پیر فیصل محمود شاہ گیلانی آف چورہ شریف ،پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے محرم خان ایڈووکیٹ ملک فیصل یار خان آف کھنڈہ اور پی پی پی کے سلیم حیدر شامل ہیں ، حلقہ پی پی 4 کے ریٹرننگ آفیسر / سول جج پنڈی گھیب طلال ارشد کی عدالت میں پنڈی گھیب کے معروف مذہبی اور روحانی شخصیت علامہ چشتی کے بیٹے عطاء المصطفیٰ جمیل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ قبل ازیں تحریک انصاف کے سابق وزیر امداد باہمی کرنل ملک محمد انور خان اور ان کے کورنگ شیر علی اعوان ، مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان مہناس ، ان کے کورنگ سابق ایم پی اے ملک محمد اعظم خان گھیبہ جو ان کے برادر نسبتی بھی ہیں ، آزاد امیدوار ملک امانت خان راول اور ان کے کورنگ ملک نور محمد خان راول سنی تحریک کے زبیر احمد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ ہفتہ کے روز حلقہ این اے 55 حلقہ پی پی 1,2,5 پر کسی بھی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ۔