چیف جسٹس نے صحافیوں اور ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے والے میڈیا مالکان کو (آج )طلب کر لیا

اتوار 10 جون 2018 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صحافیوں اور ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے والے میڈیا مالکان کو آج ( پیر) کے روز طلب کر لیا۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس پاکستان نے عدالتی حکم کے باوجود تنخواہیں نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا مالکان ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت کریں۔

سپریم کورٹ نے تنخواہیں ادا نہ کرنے والے دیگر میڈیا مالکان کو آج پیر کے روز پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات کو بھی طلب کرلیا۔صدر الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن آصف بٹ نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ میڈیا مالکان تنخواہیں مانگنے پر صحافیوں کو نوکریوں سے نکال رہے ہیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کی دھمکیاںدی جا رہی ہیں، پنجاب حکومت کو کہہ کر صحافی یونینز کے دفاتر چھیننے جا رہے ہیں، بڑے اینکروں کی تنخواہیں اتنی ہیں کہ انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ آئندہ کسی صحافی کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا، جس میڈیا مالک نے تنخواہ اور واجبات ادا نہ کئے، اس کیخلاف کارروائی ہوگی، قرضے لیں، بھیکمانگیں، گاڑیاں، مکان گروی رکھوائیںلیکن صحافیوں کو تنخواہیں ادا کریں، صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بڑے بڑے اینکرز چینلز کا بائیکاٹ کریں۔چیف جسٹس نے کیس کی مزید سماعت آج پیر کے روز تک ملتوی کر دی۔