انتخابات میں ہماری پارٹی کامیابی حاصل کرکے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ان کی مشکلات کم کریں گے ، میرجام کمال خان

پیر 11 جون 2018 23:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر میرجام کمال خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہماری پارٹی کامیابی حاصل کرکے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ان کی مشکلات کم کریں گے ہماری کوشش ہے کہ تمام لوگوں کو ساتھ ملاکر مسائل کے حل کے لئے آگے بڑھیں تاکہ عوام کی خدمت کرسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کی شب کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر اسفندیار خان کاکڑ ‘ سابق ضلعی ناظم پشین ڈاکٹراعجازگوہر کاکڑ اور میروائس خان کاسی سمیت دیگر رہنمائوں کی پاکستان پیپلزپارٹی سے مستعفی ہو کر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بی اے پی کے سیکرٹری جنرل منظور احمد کاکڑ ‘ پارٹی کے سربراہ سیداحمد ہاشمی ‘ میر اسماعیل لہڑی ‘ چوہدری شبیر احمد ‘ جاوید احمد ‘ میرظفرقمبرانی‘ سیداسلم شاہ ‘ ملک خدابخش لانگو ‘ حسنین احمد ہاشمی ‘ علائوالدین کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر اسفندیارخان کاکڑ ‘ ڈاکٹرگوہراعجازکاکڑ ‘ ملک میروائس کاسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام کو مایوس کیا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان میں پارٹی کونقصان پہنچا اب پارٹی رہنمائوں اورکارکنوں کو بھی نظرانداز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم دلبرداشتہ ہو کر پارٹی سے مستعفی ہو کر صوبہ اور عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں تاکہ اس پلیٹ فارم سے بلوچستان کے وسائل کو حل کر سکیں اس موقع پر پارٹی کے مرکزی صدر میر جام کمال خان اور سیکرٹری جنرل منظوراحمدکاکڑ نے پارٹی میں شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں تنگ نظری کی کوئی گنجائش نہیں اس لئے ہر قومیت سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے اور شخصیات اس میں موجود ہیں ہم سب نے متحد ہو کر ایک موثر لائحہ عمل کے تحت پارٹی کو مضبوط بنا کر آگے بڑھنا ہے تاکہ ہم سب ملکر بی اے پی کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھ کر انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے صوبہ میں حکومت بنا کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبہ کے عوام کی خدمت کر سکیں انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو ہم صوبہ میں حکومت بنا کر عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے کیونکہ متحد ہو کر ہی مسائل کے حل کو یقینی بنا کر صوبہ کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے اس کے لئے سیاستدانوں ‘ قبائلی رہنمائوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ہے ہم سب ملکر اپنے فیصلے خود کریں گے ماضی کی طرح دوسروں کی جانب نہیں دیکھیں گے جس طرح چند ماہ میں پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے یہ ایک خوش آئند اقدام ہے اس کے آنے والے وقت میں اچھے اور مثبت اثرات صوبہ کی تعمیر و ترقی پر پڑیں گے۔