تجاوزات کا خاتمہ، اداروں کے باہمی اشتراک سے ممکن ہے،چیئرمین بلدیہ شرقی

منگل 12 جون 2018 15:36

تجاوزات کا خاتمہ، اداروں کے باہمی اشتراک سے ممکن ہے،چیئرمین بلدیہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انورنے پولیس انتظامیہ کے ہمراہ تجاوزات کو ہٹانے اور آمدورفت کو بہتر بنانے کیلئے کے ڈی اے مارکیٹ گلشن اقبال میں تجاوزات کے خلاف اقدامات کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران تجاوزات قائم کرنے والوں کو تنبیہ کی گئی کہ وہ فوری طور پر تجاوزات کو از خود ختم کردیں بالخصوص فٹ پاتھ ، سڑکوں اور پیدل چلنے والی جگہوں کو مکمل طور پر صاف ہونا چاہیئے، سڑکوں تک پہنچ جانے والی تجاوزات کو وقت ضائع کئے بغیر ہٹا دیا جائے ہٹ دھرمی کی بنیاد پر سڑکوں، سروس روڈ اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات زدہ بنانے والوں کیخلاف کاروائی سے قطعا گریز نہیں کیا جائیگا ۔

اس موقع پر انہوں نے پولیس انتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے لگائے گئے کیمپ کا بھی معائنہ کیا اورپولیس کی جانب سے اقدامات کی پذیرائی کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر تجاوزات کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہیں، عید کی آمد آمد ہے اور ایسے میں عوام کا رش تجارتی مراکز میں بڑھتا جارہاہے مگر بہترین حکمت عملی اور مناسب اقدامات کے سبب اس سال ماضی کی بدولت صورتحال قدر ے بہتر رہی ہے جس میں اور بہتری کی گنجائش نکالتے ہوئے ہم مستقل اقدامات کر رہے ہیں جبکہ عید کے بعد ضلع میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن یقینی بنایا جائیگا،چیئرمین معید انور نے اس موقع پر مزید کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہیں ، عوام کو بھی چاہیئیکہ وہ تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں سے خریداری کرنے سے گریز کریں، جبکہ بازاروں میں موجود مستقل دکاندار اپنی دکانوں کے آگے تجاوزات قائم نہ ہونے دیں عموما تجاوزات پھیلنے کا بڑا سبب یہ ہے کہ دکاندار اپنی دکانوں کے آگے تجاوزات قائم کرنے کیلئے جگہ فراہم کر دیتے ہیں جو پھیلتے پھیلتے پہلے مارکیٹ اور پھر سڑکوں، سروس روڈز اور فٹ پاتھوں کو گھیر لیتی ہے مارکیٹ دکاندار ازخود بھی اپنے آپ کو درست کریں بلدیاتی عملے کو ہم قابو کریں گے مل کر تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے تو ہر ایک کو اپنا کردار ادا کر نا ہے اس موقع پر بلدیہ شرقی کے افسران بھی موجود تھی.