ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش کے نتیجے میں موسم خوشگوار اور عید کی خوشیاں دو بالا ہو گئیں

پیر 18 جون 2018 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ملک کے مختلف شہروں میں تیز بارش کے نتیجے میں موسم خوشگوار اور عید کی خوشیاں دو بالا ہو گئیں۔عید کے تیسرے روز ساہیوال، خوشاب، نورپور تھل، دریاخان، ہارون آباد، بہاول پور، چشتیاں، فورٹ عباس، اوچ شریف، ڈونگہ بونگہ، کندیاں، شجاع آباد، سکندر آباد، بہاولنگر میں تیز ہوا کے ساتھ شدید بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

پشاور میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

تیز بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا تاہم کچی آبادیوں کیلئے رحمت زحمت بن گئی اور ناقص سیوریج نظام کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کئی علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوگئی۔ادھر عید کی تعطیلات کے آخری روز سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کرلیا۔ بالاکوٹ، ناران، جھیل سیف الملوک اور دیگر مقامات پر سیاحوں کا رش لگ گیا۔ادھر کراچی میں گرمی برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں بارش اور بوندا باندی کا امکان فی الحال ختم ہوگیا ہے۔ پیر کو کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد اور سمندری ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔