کوئٹہ: گردونواح پہاڑی علاقوں میں بارش ، ندی نالوں میں طغیانی آگئی

ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ،ٹرانسپورٹ اور مسافروںکو شدید مشکلات کاسامنا

پیر 18 جون 2018 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ہرنائی و گردونواح اور پہاڑی سلسلوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہرنائی، ضلع ژوب،کوہلو اور شیرانی میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی طغیانی کے باعث ہرنائی، پنجاب قومی شاہراہ پر تین مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ٹریفک کی معطلی سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور پنجاب کے شہروں ملتان، خانیوال، وہاڑی ،ٹانک، چیچہ وطنی، راجن پور اور پاکپتن میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے آج مردان، کوہاٹ، ہزارہ، راولپنڈی،گجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔