Live Updates

عمران خان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں، اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

عمران خان 168 ایکڑ زرعی زمین کے مالک،عمران خان نے اپنی تنخواہ 18 لاکھ 991 روپے اور زرعی آمدن 23 لاکھ 60 ہزار روپے ظاہر کی ،انہو ں نے 2013 سے لے کر 2018 تک 28 غیر ملکی دورے کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ تھے،لاہور اور اسلام آباد سمیت پاکستان میں 14 جائیدادیں بھی عمران خان کے نا م ہیں، دستا ویزات

بدھ 20 جون 2018 18:10

اسلام آ با د (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات سا منے آ گئی ہیں۔دستاویز ات کے مطابق عمران خان نے ذرائع آمدن زراعت، تنخواہ، پنشن اور بینک منافع ظاہر کیا ہے۔ عمران خان 168 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں جب کہ عمران خان نے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزد گی میں ظاہر کی ہیں۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے گزشتہ برس کے اثاثے 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے آمدن ظاہر کیے ہیں۔عمران خان نے اپنی تنخواہ 18 لاکھ 991 روپے اور زرعی آمدن 23 لاکھ 60 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کاغذات میں ظاہر کیا ہے کہ انہوں نے 2015 سے لے کر 2018 تک 28 غیر ملکی دورے کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے گزشتہ سال اپنی آمدن پر ایک لاکھ 3 ہزار 763 روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنی اہلیہ بشری مانیکا اور دو بچوں کو زیر کفالت ظاہر کیا ہے۔دستاویزات کے مطابق عمران خان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے لیکن زیر استعمال فرنیچر اور دیگر سامان کی مالیت 5 لاکھ اور ان کے پاس موجود جانوروں کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان نے اسلام آباد میں اپنے دو غیر ملکی اکانٹس بھی ظاہر کیے ہیں۔

عمران خان نے اپنے ایک اکانٹ میں 3 لاکھ 70 ہزار 760 ڈالر اور دوسرے اکانٹ میں 1470 ڈالر ظاہر کیے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کی لاہور اور اسلام آباد سمیت پاکستان میں 14 جائیدادیں ہیں جو انہیں ورثے میں ملی ہیں۔دستاویزات کے مطابق عمران خان کا پاکستان اور بیرون ملک کوئی کاروبار اور جائیداد نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات