صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات ، آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد اور نیلم کیمپس کے انفراسڑکچر کی تعمیر کے حوالے سے بات چیت کی

جمعرات 21 جون 2018 17:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے نگران وفاقی وزیر خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر شمشاد اختر سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیر خزانہ و منصوبہ بندی سے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے مظفرآباد اور نیلم کیمپس کے انفراسڑکچر کی تعمیر کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

نگران وزیر نے صدر مسعود خان کو آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات کے انفراسڑکچر کی تعمیر کے سلسلہ میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے آزاد کشمیر کا تعمیراتی بجٹ دگنا سے بھی زائد ہو گیا ہے اور اسے پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ ریاست کی معاشی ترقی اور لوگوں کی ویلفیئر و خوشحالی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ آزادکشمیر حکومت کو درپیش مالی وسائل کی کمی کے حوالے سے بات چیت کی اور انہیں بتایا کہ چند ضروری مالی ادائیگیوں کے سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر کو وفاق کی معاونت درکار ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ نگران حکومت پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ معاشی ترقی و شرح نمو کو صحیح اور درست سمت پر ڈالنے کی پوری کوشش کریں گی۔