Live Updates

کاغذات نامزدگی میں سب کے پول کھلنے لگے

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی کتنی بیویاں نکل آئیں۔۔۔۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جون 2018 12:10

کاغذات نامزدگی میں سب کے پول کھلنے لگے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) :نجی ٹی وی چینل پر معروف پروگرام کے میزبان عزیزی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی دوسری بیوی سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عزیزی نے اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مخبری کی کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جو اپنے کاغذات جمع کروائے ہیں اس میں انہوں نے اپنی صرف ایک شادی ظاہر کی ہے جبکہ ان کی دو شادیاں ہوچکی ہیں۔

عزیزی نے کہا کہ میرے پاس نادرا کے تمام کاغذات موجود ہیں اور ان کی دوسری بیوی کا شناختی کارڈ بھی موجود ہے جس پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا نام لکھا ہوا ہے۔ خیال رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ساتھ حلف نامہ جمع کروانا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے حال ہی میں کاغذات نامزدگی اور حلف نامہ بھی جمع کروایا، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے 2018ء کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں ان کی تعلیمی قابلیت ماسٹرز ظاہر کی گئی ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے 2013ء میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ ماضی میں ڈاکٹر عامر لیاقت پر جعلی ڈگری لینے کا الزام بھی عائد ہو چکا ہے جس کی معروف اینکر نے وضاحت کرتے ہوئے ڈگری کے جعلی ہونے کی تردید کر دی تھی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو کراچی کے حلقہ این اے 245سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے رواں برس ہی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی ۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر پارٹی چئیرمین عمران خان کے دیرینہ ساتھیوں نے بھی انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر پارٹی ٹکٹ کے خواہاں تھے لیکن اُمیدواروں کی فہرست میں نام نہ ہونے پر ڈاکٹر عامر لیاقت نے پارٹی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا جس کے بعد پارٹی نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو کراچی کے حلقہ این اے 245سے ٹکٹ جاری کیا ۔ اس سے متعلق معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے پارٹی قیادت کو بلیک میل کر کے یہ ٹکٹ حاصل کیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات