چار ماہ کے بجٹ کی تیاری کر رہے ہیں، جلد اعلان کریں گے ‘ صوبائی وزیر

کوئی سکیم یا منصوبہ نہیں روکا، ترقیاتی کام جاری رہیں گے ‘ سردار تنویر الیاس خان

جمعہ 22 جون 2018 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر پنجاب برائے زراعت ، خوراک اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سر دار تنویر الیاس خان نے نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات کی اور نگران حکومت میں وزارت سنبھالنے کے بعد مختلف محکمہ جات سے لی گئی بریفنگ پر صحافیوں کو آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ڈاکٹر غضنفر علی ، سینئر چیف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جاوید اقبال، سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ صلوت سعید ، ایڈیشنل ڈائریکٹر فوڈ عارف رضا ، واصف خورشید اور دیگر موجود تھے ۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی ذمہ داری سے عہدہ براہ ہونے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے اور تھوڑے وقت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کی قیادت میں کابینہ اپنا کام ایمانداری سے کرر ہی ہے ۔ چار ماہ کے بجٹ کی تیار ی کر رہے ہیںجس سے متعلق جلد اعلان کریں گے۔

نگران حکومت انتظامیہ کے امور کو خوش اسلوبی ، مستعدی اور نتیجہ خیزانداز میں سر انجام دینے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی ۔کوئی سکیم یا منصوبہ روکا نہیں جائے گا نہ ہی کہیں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی کی جائے گی۔ تمام ترقیاتی کام معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور ان کی بر وقت تکمیل کیلئے نگران حکومت مثبت اور تعمیری کردار کو یقینی بنائے گی ۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے بالخصوص الیکشن کے شفاف انعقاد میں صحافی برادری کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے عوام میں ووٹ ڈالنے کی اہمیت سے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔سینئر صحافی کی طرف سے کیے گئے سوال کے جواب میں سردار الیاس خان نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تبادلے کر رہی ہے تا کہ انتظامیہ کو غیر جانبدار بنانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کا نصب العین سب کیلئے قابل قبول ،شفاف اور غیر جانبدار جنرل الیکشن کا انعقاد ہے۔