میرٹ پر ٹکٹ دے کر پیپلز پارٹی کے قائدین نے کارکنوں کے دل جیت لئے، پارٹی خیبرپختونخوا میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے آئندہ حکومت بنائے گی،گل احمد مروت

جمعہ 22 جون 2018 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما گل احمد مروت نے کہا ہے کہ میرٹ پر ٹکٹ دے کر پیپلز پارٹی کے قائدین نے پارٹی کارکنوں کے دل جیت لئے، پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لئے بھرپور الیکشن مہم چلائیں گے، عوام کی نظریں پی پی پی پر لگی ہوئی ہیں، بلاشبہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے، پی پی پی ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پی وائی او لکی مروت کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہ تو پیپلز پارٹی میں کوئی اختلاف ہے اور نہ ہی پارٹی کارکن مایوسی کا شکار ہیں، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر اول دستہ ہے ، پی وائی او کے کارکنوں نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے جدوجہد کی ہے جسے پارٹی قائدین قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پی وائی او کے کارکن اور عہدیدار انتخابات 2018 کے لئے پارٹی کے نامزد امیدوار کی کامیابی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی ملک کے دیگر صوبوں اور وفاق کی طرح خیبرپختونخوا میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے آئندہ حکومت بنائے گی۔