وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا،ہزاروں مساجد میں رجب طیب ایردوان کی کامیابی کے لیے دعائیں

جمعہ 22 جون 2018 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا،ہزاروں مساجد میں رجب طیب ایردوان کی کامیابی کے لیے دعائیں کی گئیں،طیب ایردوان کو عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز اور مظلوموں کا حامی قرار دیا گیا،ترکی میں طیب ایردوان کی فتح کو دنیا بھر میں اسلام پسندوں کی کامیابی سے تعبیر کیا گیا،جمعہ خطبات میں ترکی انتخابات کا خصوصی تذکرہ،استعماری قوتوں کی جانب سے ترکی،پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اعلان کے مطابق آج ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا اس موقع پر پاکستان کی ہزاروں مساجد میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی فتح اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں-مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی،مولانا امداداللہ،مفتی محمد نعیم،مفتی عبدالرحیم،مولانا ڈاکٹر عادل خان نے کراچی،مولانا انوارالحق نے اکوڑہ خٹک،مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا ظہور احمد علوی اور مولانا عبدالقدوس محمدی نے اسلام آباد،مولانا قاضی عبدالرشید نے راولپنڈی،مولانا حسین احمد نے پشاور،مولانا سعید یوسف نے کشمیر،مولانا زبیر احمد نے شجاع آباد،مولانا مفتی صلاح الدین نے چمن اورملک بھر کی مساجد کے دیگر ائمہ و خطبا نے جمعہ کے خطبات کے دوران ترکی کو سیکولرازم سے نجات دلانے کے لیے اور ترکی کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی کامیاب حکمت عملی پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ طیب ایردوان عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز اور مظلوموں کے ساتھی ہیں-مساجد کے ائمہ و خطبا نے ترکی کے انتخابات میں طیب ایردوان کی فتح کو دنیا بھر کے اسلام پسندوں کی فتح قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکی اور پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے خلاف استعماری قوتوں کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا-