راولپنڈی،جو اپنے جانثار ساتھیوں کی عزت نہیں دے سکتے وہ عوام کو کیا دے گے ،راجہ راشد حفیظ

زعیم قادری جیسے ان کے دیرینہ ساتھی کو بھی بولنا پڑ گیا ․ ہم ووٹروں سے کہتے ہیں کہ عزت اور شرافت کو ووٹ دیں تاکہ ووٹ کو عزت دو کا مطالبہ ہی نہ کرنا پڑے،پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار

جمعہ 22 جون 2018 23:16

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے پی پی 16 سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ نے کہاہے کہ جو پارٹی اور اس کے مرکزی راہنماء اپنے لئے جیلیں کاٹنے اور ماریں کھانے والوں کو عزت تک نہیں دے سکتی وہ عوام کو کیا دے گی یہ لوگ ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘ کی باتیں کرتے ہیں مگر یہ اپنے جانثار ساتھیوں کی عزت نہیں دے سکتے جس پر زعیم قادری جیسے ان کے دیرینہ ساتھی کو بھی بولنا پڑ گیا ․ ہم ووٹروں سے کہتے ہیں کہ عزت اور شرافت کو ووٹ دیں تاکہ ووٹ کو عزت دو کا مطالبہ ہی نہ کرنا پڑے ․ انہوں نے متعدد کارنر اجلاسات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقے میں اب کچھ نئے علاقے بھی شامل ہوئے ہیں جو انتظامی طور پر تو نئے ہو سکتے ہیں مگر میرے دیکھے بھالے ہیں کیونکہ میرا بچپن یہاں گزرا ہے ․ میں ان علاقوں کے عوام اور عوام مجھے جانتے ہیں ․ میں ان علاقوں کے مسائل سے بھی بخوبی آگاہ ہوں اور یہ بھی جانتا ہوں کہ ن لیگ کے لوگوں نے گذشتہ الیکشن میں ووٹ نہ دینے والے عوام کو تخصیص کا نشانہ بنایا اور عوام کے مسائل حل نہیں کروائے حالانکہ ان کو حکومت نے فنڈز بھی دئیے تھے ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہماری حکومت آپ لوگوں کو تعمیر و ترقی کے عمل میں شریک کرے گی اور آپ اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے خود ذمہ دار بنیں گے ․ انہو ںنے مزید کہا کہ 25 جولائی کا سورج انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا ۔