چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ،الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کر ایا جائے گا، اس سلسلے میں زیرو ٹالرینس ہوگی،چیف کمشنر

ہفتہ 23 جون 2018 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کر ایا جائے گا اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرینس ہوگی۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ، جان محمد، ڈائریکٹر ایڈمن عاصم ایوب ، ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد ، ڈی آئی جی سیکورٹی وقار احمد چوہان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، شعیب علی ، اے آئی جی اسپیشل برانچ لیاقت نیازی اور ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد میں امن و امان اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس نے الیکشن کمیشن کی عمارتوں ، پولنگ عملے ، پولنگ اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات اور پرنٹنگ پریس کی سکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیاگیا ۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ پولیس ، انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں میں مربوط اور موئثر کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا جائے اور بروقت انٹیلی جینس شیئرنگ ہونی چائیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شعیب علی نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی معاونت سے contingency plan ))کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں پولنگ اسٹیشنوں پر انتطامات کا جائز ہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ پولنگ اسٹیشنوں کی عمارتوں میں سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ز نے سروے مکمل کرلیاہے اور پولنگ اسٹیشنوں پر پینے کے پانی کی فراہمی ، واش رومز، بجلی اور روشنی کے انتظامات اور معذور ووٹرز کے لئے ریمپس کے لئے انتظامات کو یقینی بنایاجائے گا ۔

ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد نے اجلاس کو بتایاکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی نفری موجود ہوگی اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنو ں پر زیادہ نفری تعینات کرینگے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں ، ورکرزکو ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ز ، مجسٹریس اور ایس ایچ اوز کارنرز میٹنگ کرینگے ۔