موسمی اثرات الیکشن پر مرتب قطعاً نہیں ہوں گے ،نگراں صوبائی حکومت بلوچستان

لوگ 25جولائی کے روز اپنا حق رائے دہی بڑھ چڑھ کر استعمال کریں گے،ترجمان

اتوار 24 جون 2018 22:00

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) نگران صوبائی حکومت بلوچستان کے ترجمان و صوبائی وزیر انفارمیشن ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ موسمی اثرات الیکشن پر مرتب قطعاً نہیں ہوں گے لوگ 25جولائی کے روز اپنا حق رائے دہی بڑھ چڑھ کر استعمال کریں گے،بلوچستان امن کے سفر پر تیزی کے ساتھ گامزن ہے ،بلوچستان میں مثبت تبدیلی میڈیا کے بغیر ممکن نہیں ہے ،میڈیا الیکشن کے حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی بیدار کرئے،بلوچستان میں کہیں بھی نوگو ایریاز موجود نہیں ہیں صوبے میں ریاست کی رٹ برقرار ہے ،انتخابات میں توسیع کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری کے بیانیے کو مروڑ تروڑ کر پیش کیا گیا،صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت بلوچستان نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دئے دی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی پریس کلب کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکٹر ہیڈ انفارمیشن آفیسر سعید احمد شاہوانی ،سبی پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ سلیم گشکوری،سینئر نائب صدر ریاض ندیم نیازی سیکرٹری میاں یوسف،مرزا مظہر بیگ،جلال بلوچ ،ظہور مگسی ،میاں یونس و دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر ترجمان صوبائی حکومت بلوچستان و صوبائی وزیر انفارمیشن ملک خرم شہزاد نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت بلوچستان کی حتی الوسع کوشش رہے گی کہ انتخابات اپنے وقت مقررہ پر ہوں جبکہ اس ضمن میں صوبائی حکومت نے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں انشاء اللہ25جولائی کو عوام گرمی اور موسمی اثرات کی پرواہ کیئے بغیر اپنا قومی حق رائے دہی ضروراستعمال کریں گے اور ماضی کی نسبت امسال وٹ کا ٹرن آئوٹ زیادہ ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن کے سفر پر تیزی کے ساتھ گامزن ہے انشاء اللہ بہت جلد منزل تک پہنچیں گے اور عوام خوشحال ہوںگے انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومتی رٹ قائم ہے اور اس وقت الحمداللہ صوبے میں کوئی بھی ایسا حلقہ موجود نہیں ہے جسے نوگو ایریا قرار دیا جاسکے انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے استحکام کے لیے جمہوری عمل میں عوام کی شرکت ناگزیر ہے عوام کو چاہیے کہ وہ عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور صادق و امین نمائندوں کا انتخا ب کریں جو عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریںانہوں نے کہا کہ میڈیا عوام کی آنکھ کان اور زبان کی حیثیت رکھتی ہے میڈیا کو چاہیے کہ وہ صوبے میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرئے اور عوام میں ووٹ کے تقدس اور ووٹ کی اہمیت کے بارئے میں شعور و آگاہی بیدار کریں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے قیام کا بنیادی مقصد صاف و شفا ف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس پر نگران صوبائی حکومت بلوچستان سنجیدہ بنیادوں پر عمل پیرا ہے اور25جولائی کو ثابت کردیں گے کہ دھاندلی کے الزامات صرف الزامات ہی تھے اور کسی پرالزامات لگانا آسان ہوتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں توسیع کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری کے بیانیے کو میڈیا نے مروڑ تروڑ کر پیش کیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری کا انتخابات میں توسیع کے حوالے سے دیا گیابیان قبل ازوقت تھا ۔