اے این ایف پاکستان منشیات کی ترسیل و استعمال کے خلاف بین الاقوامی دن26 جون 2018 قومی جوش وجذبے سے منا رہی ہی

اتوار 24 جون 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) انسدادمنشیات کا بین الاقوامی دن (کل)منگل26جون2018کو منایا جائے گا،انسداد منشیات فورس(اے این ایف)پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ ملک بھر میں منشیات کی ترسیل و استعمال کیخلاف آگاہی کادن منا ئے گی،اس دن کو جوش و خروش سے منانے کی مناسبت سے ملک بھر میں واکس، گیم/ کھیلوں کے مقابلے، تقریری مقابلے، لیکچرز، سیمینارز اور ورکشاپس سمیت لاتعداد منشیات سے آگاہی کی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔

ان سرگرمیوں کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں ایئرپورٹس، ریلوے سٹیشنز، بس اڈوں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر بینرز، سٹیمرزاور پینافلیکسز آویزاں کئے جا نے کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں اشتہارات اور ایئرپورٹس اور ریلوے سٹیشنز سمیت دیگر اہم مقامات پر لگی سکرینوں اور مقامی کیبل ٹی وی چینلوں پر اے این ایف کے ویڈیو پیغامات بھی چلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ملک کے بڑے شہروں خصوصاً اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی میں عوام الناس کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنے کیلئے تشہیری بورڈز پر آگاہی پیغامات اور منشیات کیخلاف آگاہی مواد پر مبنی پمفلٹ، بروشر اور لیف لیٹ کی تقسیم بذریعہ اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹوریٹس کی جا رہی ہیں۔مزید برآں وزارت مذہبی امور کے ذریعے تمام مساجد، امام بارگاہوں اور درگاہوں کے خطیبوں، علماء اور اماموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 26جون اور اس سے پہلے اپنے جمعہ کے خطبات میں منشیات کے نقصانات اور اس سے اجتناب کی مذہبی اہمیت پر روشنی ڈالیں۔

تمام موبائل کمپنیاں 26 جون کو پاکستان کے تمام موبائل صارفین کو '' نشے سے انکار"کے پیغامات بھیجیں گی۔اس کے علاوہ ٹی وی چینلز بھی اے این ایف کے ویڈیو آگاہی پیغامات چلائیں گے۔