سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل اسکوائش چیمپئن شپ کا انعقاد

پیر 25 جون 2018 21:57

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے زیرِ اہتما م پاکستان انٹرنیشنل اسکوائش چیمپین شپ کا آغاز پاکستان اسکوائش کمپلیکس (اولڈ کلب روڈ) میں ہو گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد 25جون سے 30جون 2018؁ء تک جاری رہے گا جس میں پاکستان بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ۔ چیمپئن شپ کا افتتاح سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے ربن کاٹ کر کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم۔ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف کا کہنا تھا کہ جیتنا اور ہارنا کھیل کا حصہ ہے اور اصل بات اسپورٹس مین اسپرٹ کو بحال رکھنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور سوئی ناردرن کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنی کاوش جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

چیمپین شپ میں اسکوائش نیشنل /انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں طیب اسلم ، عاصم خان، فرحان محبوب، اسرار احمد، ظاہر شاہ، مدینہ ظفر، فائزہ ظفر، مقدس اشرف، صائمہ شوکت اور محمد فرحان سمیت دیگر کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ جیتنے کا انعام 10ہزار اور 5ہزار ڈالر مرد و خواتین کے لئے با لترتیب رکھا گیا ہے۔ سوئی ناردرن کی جانب سے چیمپئن شپ اسکوائش مینجر فرخ امین اور محمد ہارون کی نگرانی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سینئر جنرل مینجر (ڈسٹری بیوشن) سہیل گلزار، سینئر جنرل مینجر(بزنس ڈیولپمنٹ) سیدجواد نسیم، سینئر جنرل مینجر (کمپریشن) محمد اسلم، سینئر جنرل مینجر (سی۔ایس۔ایس) وسیم احمد، جنرل مینجر ایڈمن اشرف ندیم، جنرل مینجر (یو۔ایف۔جی) محمد ارشد اور انچارج میڈیا افئیرز امجد اکرام میاں سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔