سیاسی جماعتوں و امیدواروں کے لئے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ محمد زمان ناریجو

پیر 25 جون 2018 23:57

نواب شاہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد محمدزمان ناریجو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی جماعتوں و امیدواروں کے لئے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جائے گا، ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے والی سیاسی جماعتوں وامیدوار ں کے خلاف رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کی جائے گی اور ان کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دربارہال میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور مانیٹرنگ ٹیم کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر شہیدبینظیرآباد سید ندیم حیدر، ایس ایس پی شہیدبینظیرآباد پیرمحمد شاہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہیدبینظیرآباد زاہد حسین بھٹو، شہیدبینظیرآباد ضلع کے تمام صوبائی حلقوں کے مانیٹرنگ افسران،سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، علی اکبر جمالی، سید زاہد شاہ، یونس قریشی،ظہورقریشی ،مسلم چنا ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمدزمان ناریجو نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ حد سے بڑے پینافلیکس وسائن بورڈ کے علاوہ سرکاری عمارتوں و تنصیبات سے سیاسی پرچم اور وال چاکنگ دو دن کے اندر ہٹا دیں بصورت دیگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے کاروائی کی جائے گی اور ان سائن بورڈ، وال چاکنگ اور پرچموں کو ہٹایا جائے گا۔

اس لئے سیاسی جماعتیں انتظامیہ سے تعاون کریں اور الیکشن قوانین پر عمل کریں۔اس موقع پر مانیٹرنگ ٹیموں کے افسران کو ہدایت دیں کہ اپنے حلقوں میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر فوری طور پر ضلع انتظامیاں کو دی جائے اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہیدبینظیرآباد پیرمحمد شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کی جانب سے صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور ضلع انتظامیہ کو بھرپور مدد فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کو سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات کی صورت میں ذاتی طور پرانتظامیاں کو سیکیورٹی کی درخواست دینی ہوگی جس کے بعد ڈویڑن سطح پر قائم ریجنل تھریٹ اسسمینٹ کمیٹی درخواست کا جائزہ لیکر سیکیورٹی فراہم کریگی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر سید ندیم حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں وامیدواروں کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے اور الیکشن مہم کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام صوبائی حلقوں پر 2 مانیٹرنگ افسران مقرر کئے گئے ہیں جبکہ متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں کے نمائندوں اور آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیاں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ضلع انتظامیاں کو یقین دہانی کرائی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر بھرپور عملدرآمد کیا جائے گا اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے ضابطہ اخلاق پر عمل کرانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی۔