سری دیوی مرکر بھی فن کی بلندیوں پرہیں

آئیفا ایوارڈ تقریب میں آنجہانی سری دیوی کو فلم’ ’موم‘‘ میں بہترین اداکاری پر ایوارڈ سے نوازا گیا آنجہانی اداکارہ کا ایوارڈ اٴْن کے شوہر نے وصول کیا‘بونی کپور ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

منگل 26 جون 2018 11:50

بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) آئیفا ایوارڈ 2018 میں عرفان خان کو فلم ’ہندی میڈیم‘ اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو فلم ’موم‘ میں بہترین اداکاری پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں 19 ویں انٹر نیشنل فلم اکیڈمی(آئیفا) ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی۔

آئیفا میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو فلم ’موم‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ عرفان خان کو فلم ’ہندی میڈیم‘ کے لیے دیا گیا۔تقریب میں دنیا سے کوچ کرجانے والے بالی ووڈ کے تین فنکاروں ونود کھنہ، ششی کپور اور سری دیوی کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

(جاری ہے)

مرحوم اداکاروں میں ونود کھنہ کا ایوارڈ مشہور زمانہ فلم ’شعلے‘ کے ہدایتکار رمیش سپی،ششی کپور کا ایوارڈ اٴْن کے بھائی و اداکار رشی کپور جب کہ آنجہانی اداکارہ کا ایوارڈ اٴْن کے شوہر بونی کپور نے وصول کیا۔

بونی کپور ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اس موقع پر ان کا کہناتھا کہ آج میں اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پا رہا ہوں،میں آج بھی ہر منٹ ہر سیکنڈ سری دیوی کو یاد کرتا ہوں اور میں اب بھی انہیں اپنے ارد گرد پاتا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ لوگ جھانوی کپور کو بھی اسی طرح سپورٹ کریں جس طرح سری دیوی کو کرتے تھے۔آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں بالی ووڈ کے منجھے ہوئے اور سینئر ترین اداکار انوپم کھیر کو اٴْن کی غیر معمولی اداکاری پر بہترین خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔

بالی ووڈ میں اپنی جاندار اداکاری کے حوالے سے شہرت رکھنے والے نواز الدین صدیقی نے معاون کردار (سپورٹنگ رول) کا ایوارڈ وصول کرکے سب کو حیران کردیا۔بالی ووڈ پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’ سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں زائرہ وسیم کی ماں کا کردار ادا کرنے والی مہر وج کو بیسٹ فیمیل سپورٹنگ رول کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔