عمر اکمل نے خود ہی اپنے پیر پر کلہاڑی مار لی

ٹیسٹ بیٹسمین کا سزا سے بچنا مشکل نظر آنے لگا

منگل 26 جون 2018 13:38

عمر اکمل نے خود ہی اپنے پیر پر کلہاڑی مار لی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون 2018 ء) ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کا سزا سے بچنا مشکل دکھائی دے رہا ہے ، چونکہ انہوں نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کو توڑا ہے اس لیے انہیں قانون کی خلاف ورزی پر کڑی سز اکا سامنا کرنا پڑے گا۔عمر اکمل نے اتوار کے روز ایک انٹر ویو میں انٹرنیشنل کرکٹ میں سٹے بازوں کی جانب سے پیشکش کا اعتراف کیا تھا اس لیے ان پر اب پی سی بی کا نہیں بلکہ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن کوڈ لاگو ہوتا ہے،آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے تحت کسی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنا اور غلط بیانی کرنا سنگین نوعیت کا جرم ہے،آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کے تحت یہ سنجیدہ نوعیت کی خلاف ورزی ہے اور اس جرم کی کم سے کم سزا چھ ماہ ہے۔

عمر اکمل نے پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم کے سامنے پیش ہوکر ڈھائی گھنٹے مختلف سوالات کے جواب دیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے طور پر عمر اکمل سے انٹرویو کررہا ہے لیکن چونکہ انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے انٹرنیشنل میچز میں فکسنگ کی پیشکش کا اعتراف کیا اس لیے عمر اکمل سے آئی سی سی کے تفتیش کار علیحدہ انٹرویو کریں گے۔

آئی سی سی عمر اکمل کو انٹرویو کے لیے دبئی طلب کر سکتا ہے یا آئی سی سی تفتیش کار لاہور آکر ان سے بیان ریکارڈ کریں گے ،عین ممکن ہے کہ آئی سی سی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کرے گا۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل کا کیس میں معاملہ اس لحاظ سے سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے کہ انہوں نے ان پیشکشوں کو رپورٹ کرنے سے گریز کیا اور ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ بھی لاعلم تھے۔یاد رہے کہ دوسال قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے کوچ وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تجویز دی تھی کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد پر 2، 2 سال کی پابندی عائدکی جائے لیکن بورڈ نے وقار یونس کی تجویز کو نظر انداز کیا اور اب ان کھلاڑیوں نے خود ہی اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مار لی ہے ۔