الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ کے حصول کے لئے فارم ویب سائٹ پر جاری کردیا، درخواستیں 5 جولائی تک جمع کرائی جا سکیں گی

منگل 26 جون 2018 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نی آئندہ عام انتخابات 2018ء کے لئے پوسٹل بیلٹ کے حصول کے لئے فارم ویب سائٹ پر جاری کردیا، ووٹر اس فارم پر بیلٹ پیپر کے حصول کی درخواست اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں جمع کرا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے ممبران اور ان کے اہل و عیال جو انتخابات کے روز اپنے حلقے کی بجائے کسی دوسری جگہ پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور جو لوگ جیلوں میں ہونے کی وجہ سے پولنگ سٹیشن پر جا کرووٹ کاحق حاصل نہیں کرسکتے وہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ووٹ ڈالنے کے لئے درخواستیں 5 جولائی تک جمع کروا سکتے ہیں ۔

یہ پوسٹل بیلٹ 10جولائی تک متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس کے لئے پولنگ کا عملہ پولیس اہلکار اور ایسے ملازمین جو انتخابی ڈیوٹی کی وجہ سے اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشن پر جا کر ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتے وہ بھی پوسٹل بیلٹ حاصل کرسکیں گے۔