وفاقی وزیربر ائے اطلاعات و نشریات و آبی وسائل سید علی ظفر کا واپڈا ہائوس کا دورہ، پانی اور پن بجلی کے شعبوں بارے بریفنگ دی گئی

ملک کو پانی کے بحران سے نکالنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر

منگل 26 جون 2018 13:40

لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات و آبی وسائل سید علی ظفر نے کہا ہے کہ ملک کو پانی کے بحران سے نکالنے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کے لئے واپڈا کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وہ منگل کو واپڈا ہائوس لاہور کے دورہ کے دوران گفتگوکررہے تھے۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وفاقی وزیر کو ملک میں پانی اور پن بجلی کے امور پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو دیامربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم سمیت واپڈا کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین نے پانی اور بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے واپڈا کی کوششوں کے بارے میں تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اگست 2017ء سے واپڈا چار بڑے منصوبے مکمل کرچکا ہے جن کی بدولت بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں 72ہزار ایکڑ اراضی زیر کاشت آرہی ہے جبکہ نیشنل گرڈ میں 2 ہزار 487 میگاواٹ پن بجلی بھی شامل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

مکمل ہونے والے منصوبوں میں کچھی کینال پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ، گولن گول، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔ زیر تعمیر منصوبوں میں کرم تنگی ڈیم کا پہلا مرحلہ 2020ء میں مکمل ہونے کی توقع ہے جبکہ 2ہزار 160میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (سٹیج I-) سے 2023ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ دیامربھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم پر تعمیر اتی کام مالی سال 2018-19ء کے دوران شروع ہوگا۔ دیا مربھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500میگاواٹ ہے۔ مہمند ڈیم 1.2ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ جبکہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔ دونوںمنصوبے پاکستان میں واٹر اور انرجی سکیورٹی کیلئے بہت اہم ہیں، تمام متعلقہ فریقین کو ان منصوبوں پر تعمیراتی کام کے جلد از جلد آغاز اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

تعمیراتی کام کے لئے دستیاب دیگر منصوبوں میں ایک ہزار 410میگاواٹ صلاحیت کا تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، 2ہزار 160میگاواٹ کا داسو (سٹیجII-) ، 7ہزار 100میگاواٹ کا بونجی ہائیڈرو پاورپراجیکٹ اور کرم تنگی ڈیم (سٹیج II-) شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید علی ظفر نے پانی اور پن بجلی کے منصوبے کی تعمیر کے لئے واپڈا کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پانی کے بحران سے نکالنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔