Live Updates

سرائے نعمت خان کو ماڈل یو سی بنانے کا وعدہ پورا کر دیا، ملک یونس سے ہمارا دھڑا مضبوط ہوا ہے، یوسف ایوب خان

منگل 26 جون 2018 15:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سرائے نعمت خان کو ماڈل یو سی بنانے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے، ماضی کے منتخب نمائندوں نے دو مرتبہ اقتدار میں آ کر عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، اس سوال کا جواب آپ اس سے پوچھیں، تحریک انصاف نے غیر معمولی اصلاحات کی بدولت عوام کو ریلیف دیا، 65 ہزار اساتذہ کی بھرتی خالصتاً این ٹی ایس کے ذریعہ کر کے میرٹ کی بالادستی قائم کی، ہم نے چار سالوں میں ماضی کے 40 سالوں سے زیادہ کام کروایا، یو سی سرائے نعمت خان میں اربوں کے ترقیاتی کام ہماری شاندار کارکردگی کے آئینہ دار ہیں، ملک یونس جیسی سیاسی شخصیت کے آنے سے ہمارا دھڑا مضبوط ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان نے موہڑہ سیریاں سرائے نعمت خان میں بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیدوار پی کے۔ 40 و سابق صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان، امیدوار این اے ۔17 عمر ایوب خان، سابق ناظم ملک یونس اعوان، سرور خان، بشیر خان، اقبال خان اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی۔

ملک یونس اعوان نے صدارتی تقریر میں کہا کہ ان کی کوئی پارٹی نہیں، وہ دھڑے کی سیاست کرتے ہیں، یوسف ایوب خان اور عمر ایوب خان کو انتخابات میں اپنے جنبہ سمیت سپورٹ کروں گا اور ماضی کی نسبت سرائے نعمت خان میں تاریخی نتیجہ سامنے آئے گا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ضلع ہری پور سے الله کی مدد سے کلین سویپ کریں گے، وولیٹیج کے مسائل کا حل ہم نے بحیثیت ایم این اے 132 کے وی کا گرڈ سرائے صالح میں منظور کر کے ممکن بنا دیا تھا جو سابقہ ایم این اے نے اس وجہ پورا نہیں ہونے دیا کہ کریڈٹ عمر خان کو مل جائے گا، منتخب ہونے کے بعد وولٹیج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، مسلم لیگ (ن) قصہ پارینہ بن چکا ہے، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں کلین سویپ کرے گی۔

اکبر ایوب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دونوں بھائیوں نے شبانہ روز جدوجہد کے نتیجہ میں ترقیاتی انقلاب لایا ہے، اپنا فرض پورا کر کے اب ووٹ مانگنے آئے ہیں، انصاف کے تقاضوں کے مطابق اپنے ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں، آنے والا دور تحریک انصاف کا دور ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات