آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو نے بھی والد کی حمایت میں نعرہ لگا دیا

اگلی باری پھر زرداری۔۔۔ بختاور بھٹو کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 جون 2018 15:31

آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو نے بھی والد کی حمایت میں نعرہ لگا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جون 2018ء) سابق صدرآصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو نے تو سیاست میں اپنےقدم جمالیے ہیں تا ہم آصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی بھی کسی سے کم نہیں ہے۔۔آصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو سیاست میں کافی دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ اکثر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سیاسی حالات کے حوالے سے اظہارخیال بھی کرتی رہتی ہیں۔

آصفہ بھٹو سماجی کاموں میں بھی آگے آگے ہوتی ہیں۔اور یہی وجہ ہے کہ وہ اب لوگوں میں مقبول ہوتی جا رہی ہیں۔لیکن اب آصف علی زرداری کی بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری بھی میدان میں آ گئی ہیں۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق چینی سفیر نے ٹویٹر پر ایک بیان دیا کہ ’’سی پیک آصف زرداری نے بنایا‘‘۔جس پر بختاوربھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں اظہار مسرت کیا ہے۔

(جاری ہے)

بختاور بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نے سی پیک منصوبے کو 2013ء میں دیکھا، ہم سے میری مراد پاکستانی عوام، اپوزیشن جماعتیں اور میڈیا ہاؤسز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب نےجان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے آصف علی زرداری کو سی پیک کے کریڈٹ سے محروم رکھا۔بختاوربھٹو کا یہ بھی کہنا ہے کہ 18ویں ترمیم سے مختلف ممالک سے کرنسی کے تبادلے تک کا کریڈٹ بھی آصف زرداری کا ہے۔

انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس جیسے کئی اور بڑے کام کیے۔اس کے ساتھ ہی بختاور بھٹو نے اگلی بار ہھر زرداری کا ہیش ٹیگ بھی لگایا ہے۔یاد رہے پاکستان بھر میں 25جولائی کو عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس بار پاکستان تحریک انصاف کی جیت کا پلڑہ بھاری نظر آ رہا ہے تاہم پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری بھی جیت کے لیے پر امید نظر آتے ہیں۔