ایک لاکھ 20 ہزار خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔سعودی وزارت داخلہ

سعودی پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑی چلاتیں خواتین کوپھول اور تہنیتی کارڈ ز کا تحفہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 26 جون 2018 17:17

ایک لاکھ 20 ہزار خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جون۔2018ء) سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد بڑی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں دے دیں۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ خواتین کو پیشہ ورانہ انداز میں ڈرائیونگ سکھانے کے لیے 6 تربیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار خواتین نے تربیت مکمل کرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

دریں اثنا شہزادہ الولید بن طلال نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دے کر 21 ویں صدی میں داخل ہوگیا ہے۔ اس سے مملکت کی معاشی ترقی میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک وڈیو بھی جاری کی گئی جس میں وہ اپنی ڈرائیونگ کرتی بیٹی ریم کے ہمراہ نظر آرہے ہیں۔

بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت پر عملدرآمد سے سعودی عرب کو 90ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا جبکہ سالانہ 70 ہزار خواتین لیبر مارکیٹ کا حصہ بنیں گی۔ دوسری طرف خواتین کو کار چلانے کی اجازت ملنے کے بعد مدینہ منورہ کی رہائشی خاتون امیمہ علی قاضی پہلی بار خود کار چلاتے ہوئے مسجد نبوی پہنچ گئیں۔

جبکہ اردن سے خاتون الحدیثہ بری اردن سے خود گاڑی چلا کرسعودی سرحدی چوکی پر پہنچ گئی جہاں کسٹم اور امیگریشن حکام نے خاتون کی تمام کاغذی کارروائی مکمل کی۔ فرانس کی رینو کمپنی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ اسیل الحمد فرانسیسی کار ریسنگ کی بحالی پر فارمولا گاڑی چلائیں گی۔ اسیل پہلی خاتون ہیں جنھوں نے سعودی کار اور موٹر سائیکل آرگنائزیشن کی رکنیت حاصل کی ہے۔

ادھرخواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے اور پابندی ہٹ جانے کی خوشی میں سعود ی پولیس اہلکاروں نے دلچسپ اقدام لیتے ہوئے خواتین ڈرائیوروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس انوکھے اور دلچسپ اقدام میں پولیس اہلکارمعروف شاہراہوں پر کھڑے ہو کرگاڑی چلاتیں خواتین کوپھول اور تہنیتی کارڈ ز کا تحفہ پیش کر کے نہ صرف ان کی خوصلہ افزائی کرتے دکھائی دئیے بلکہ انہیں مبارک بادبھی پیش کرتے رہے۔خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی کے بعد سے خواتین نہ صرف حیران ہیں بلکہ گاڑیاں چلاتے ہوئے ان کی خوشی بھی دیدنی تھی۔