جن پراپرٹیز کا برطانوی اخبار میں ذکر آیا ہے وہ اب شریف خاندان کی ملکیت نہیں، ان تمام پراپرٹیز کا کاروبار حسن نواز نے کیا تھا ، اب وہ ان کی بھی ملکیت نہیں ، ہمارے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

منگل 26 جون 2018 20:24

جن پراپرٹیز کا برطانوی اخبار میں ذکر آیا ہے وہ اب شریف خاندان کی ملکیت ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ جن پراپرٹیز کا برطانوی اخبار میں ذکر آیا ہے وہ اب شریف خاندان کی ملکیت نہیں، ان تمام پراپرٹیز کا کاروبار حسن نواز نے کیا تھا اور اب وہ ان کی بھی ملکیت نہیں اسلیے ہمارے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو برطانوی دارلحکومت لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ تمام پراپرٹیز جن کا اخبار میں ذکر ہے اس حوالے سے اس برطانوی اخبار کے دعوے کا جواب مناسب فورم پر دیا جا رہا ہے۔ لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ نیب کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاریوں کی بات کی کوئی حیثیت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں قانون کی حکمرانی ہے اس لیے یہاں غیر قانونی اقدامات ممکن نہیں، نیب انٹرپول کے ذریعے جو کرنا چاہتا ہے کر لے۔ ان کی والدہ کلثوم نواز کی طبیعت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں حسین نواز کا کہنا تھا کہ ان کی حالت پہلے سے زیادہ تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز نے ان کی والدہ کی بیہوشی کی دوا بھی بڑھا دی ہے، ان کی طبیعت کے پیش نظر آج وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ہے۔