Live Updates

ملتان سے پی ٹی آئی رہنما سکندر بوسن کی مکمل چھُٹی

پی ٹی آئی نے ملتان کے حلقہ این اے 154 سے احمد حسین ڈیہڑ کو ٹکٹ جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جون 2018 11:39

ملتان سے پی ٹی آئی رہنما سکندر بوسن کی مکمل چھُٹی
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2018ء) : ملتان سے پی ٹی آئی رہنما سکندر بوسن کی مکمل چھٹی کر دی گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے ملتان سے سکندر حیات بوسن کی چھُٹی کر کے ٹکٹ حلقہ این اے 154 سے احمد حسین ڈیہڑ کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی نے پی پی 211 سے خالد جاوید وڑائچ کو ٹکٹ جاری کیا ، جبکہ پی پی 212 سے سلیم لابر اور پی پی 216 سے ندیم قریشی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

خیال رہے کہ سکندر حیات بوسن کے معاملے پر پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں نے احتجاج کیا تھا ، کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے پارٹی کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔ کارکنان کے شدید احتجاج پر تحریک انصاف کی قیادت نے ملتان کے حلقہ این اے 154 سے سکندر بوسن کو جاری کردہ ٹکٹ واپس لے لیا تھا۔

(جاری ہے)

سکندر بوسن حال ہی میں مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے جنہیں ملتان سے پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا جس پر کارکنان نے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر شدید احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی کارکنان کا مؤقف تھا کہ سکندر بوسن پارٹی سے مخلص نہیں اور وہ جماعتیں بدلتے رہتے ہیں، اس لیے انہیں ٹکٹ جاری کر کے مقامی قیادت کی حق تلفی کی گئی۔ واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور سیاسی جماعتوں نے باقاعدہ انتخابی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے۔ انتخابی ٹکٹ جاری کرنے کے بعد پی ٹی آئی کو کافی تنقید اور احتجاج کا سامنا تھا لیکن پارٹی قیادت نے کارکنوں کے تحفظات سُن کر کئی حلقوں میں جاری کیے گئے ٹکٹس واپس لے لیے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سکندر بوسن کے بعد مزید دو اُمیدواروں سے پارٹی ٹکٹ واپس لیے تھے۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اُمیدواروں کی فہرست میں چوہدری محمد الیاس اور محمد زبیر کے نام خارج تھے۔ پی ٹی آئی نے گجرات کے حلقہ این اے 71 سے چوہدری محمد الیاس اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 28 گجرات ون سے محمد زبیر کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا جو واپس لے لیا گیا۔ چوہدری محمد الیاس تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر رہ چکے ہیں اور وہ 2013ء کے عام انتخابات میں پارٹی کے امیدوار بھی تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات