پرامن وشفاف انتخابات میں انتظامی معاونت اولین ترجیح ہے ، ڈی سی

بدھ 27 جون 2018 15:20

فیصل آباد۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓبادسید احمد فواد نے کہا ہے کہ پرامن وشفاف انتخابات میں انتظامی معاونت اولین ترجیح ہے تاہم عوامی ریلیف کیلئے محکمانہ سروسز کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ ہوگی،اس سلسلہ میں میڈیا کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ میڈیا نمائندگان سے تعارفی ملاقات کے دوران انہوںنے میڈیا نمائندگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات میں امیدواروں کی انتخابی مہم کو قواعد وضوابط کے دائرے میں رکھنے اور دیگر انتظامی امور پر احسن انداز میں عملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے میڈیا کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس سلسلہ میں میڈیا نمائندگان سے قریبی رابطہ قائم رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے مقررکردہ مانیٹرنگ افسران امیدواروں کی انتخابی مہم پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور بعض خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹس تیار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، اس ضمن میں قانون شکنی کی صورت میں قصور واروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا ئیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان کی طرف سے انتخابی مہم میں خلاف ورزیوں کی بعض نشاندہی پر بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کیلئے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا عنقریب اجلاس طلب کیا جائے گا تاہم وال چاکنگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا وخوبصورت رکھنے اور عوامی خدمت کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک رکھا جائیگا جبکہ مون سون موسم میں طوفان بادو باراں سے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔