آئیڈیاز 2018ء ملک میں جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور معلومات کے حوالے سے ایک سنگِ میل ایونٹ ثابت ہو گا، نگران وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 27 جون 2018 20:49

آئیڈیاز 2018ء ملک میں جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور معلومات کے حوالے سے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئیڈیاز پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور معلومات کے حوالے سے ایک سنگِ میل ایونٹ ثابت ہو گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو وزیراعلی ہائوس میں آئیڈیاز 2018 ء کے دوسری اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ترجمان وزیر اعلی ہائوس کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزارتوں کے سینئر حکام، سندھ حکومت کے مختلف محکموں، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نیشنل الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے اور اس سے بین الاقوامی برادری کے ساتھ باہمی مفادات کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز عالمی امن و استحکام اور خوشحالی کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم ہے جس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی وفود، قومی اور بین الاقوامی دفاعی مینوفیکچرر شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2018 ء ڈیفنس ٹیکنالوجی کی ترقی اور اس حوالے سے برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی اور دورہ کرنے والے تجارتی وفود، دفاعی حکام کے مابین باہمی تجارت اور او ای ایم ایز پاکستان میں اور بیرونی ممالک مزید تیز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس دسویں ایڈیشن کی میزبانی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے ٹیکنالوجی کے فروغ اور تبادلے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) ایک میگاقومی ایونٹ ہے، جس کا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈی ای پی او) پاکستان میں اہتمام کر رہا ہے۔ سال 2000 ء سے اپنے آغاز سے لے کر آئیڈیاز نے دفاعی اشتراک کے شعبے میں تعاون و مہارت کے فروغ کے حوالے سے ایک پالیسی میکر کی سطح پر کام کیاہے اور دفاعی مینوفیکچر ، منتظم، آر اینڈ ڈی اسپیشلسٹ، مالی ماہرین کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک فعال کردار ادا کیا ہے۔

آئیڈیاز وہ ایونٹ ہے جس کی بدولت قومی اور بین الاقوامی دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کے حوالے سے ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں ۔آئیڈیاز 2018 کا دسواں ایڈیشن 27 تا30 نومبر کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقد ہوگی۔ نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے آئیڈیاز کے دسویں ایڈیشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور تبادلے کے حوالے سے حوصلہ افزائی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سال 2000 سے آئیڈیاز کے انعقاد میں حکومتی اداروں، افواج پاکستان، امن و امان قائم کرنے والے اداروں، دفاعی مصنوعات کی صنعت، تجارتی انجمنوں اور کراچی کے عوام کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ ڈی جی ڈیپو میجر جنرل محمود حیات نے نمائش کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میں جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات پیش کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اور سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کے لیے 29 نومبر 2018 کو سی ویو(نشانِ پاکستان) پر کراچی شو کا اہتمام کیاجائے گا۔اجلاس میں تمام سرکاری اداروں اور محکموں میں آئیڈیاز 2018 کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔