ضلعی پولیس افسران اپنے ضلع میںالیکشن سیکورٹی پلان کو مزید بہتر بنائیں،ایلیٹ فورس، آر آر ایف فورس ہر وقت چاک وچوبند رہے

اسلحہ کی نمود و نمائش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ڈی آئی جی ہزارہ محمد عالم شنواری کی تمام ضلعی افسران کو ہدایت

بدھ 27 جون 2018 22:58

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ڈی آئی جی ہزارہ محمد عالم شنواری نے ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کیں کہ تمام ضلعی پولیس افسران اپنے ضلع میںالیکشن سیکورٹی پلان کو مزید بہتر بنائیں، ایلیٹ فورس، آر آر ایف فورس ہر وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چاک و چوبند رہے۔ اسلحہ کی نمود و نمائش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

تمام سیاسی امیدواران و اعلیٰ عہدیدارن کے ساتھ میٹنگ کی جائے اور ان لوگوں کو اس بات کا پابند بھی بنایا جائے کہ وہ کسی بھی سیاسی جلسہ ، جلوس یا میٹنگ میں کوئی ایسی بیان بازی نہ کرے جس کی وجہ سے علاقہ کے امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوجائے۔وہ آر پی او آفس ایبٹ آباد میں الیکشن کے حوالہ سے ہزارہ ریجن کے تمام ا ضلاع کے ڈی پی اوز سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی پی او ہری پورمنصور امان، ڈی پی او ایبٹ آباد عباس مجید مروت، ڈی پی او مانسہرہ عبدالرشید ، ڈی پی او بٹگرام عبدالرؤف بابر ، ڈی پی او تورغر شمس الرحمان خان، ڈی پی او لوئرکوہستان نوشیر خان ، ڈی پی او اپر کوہستان عبدالصبور ، ڈی پی او کولئی پالس کوہستان افتخار احمد اور سپیشل برانچ کے ڈی ایس پیز صاحبان نے شرکت کی ۔قبل ازیں ڈی پی اوز صاحبان نے آمدہ الیکشن کے حوالہ سے اپنے اپنے اضلاع میں الیکشن سیکیورٹی پلان ، پولنگ سٹیشن سیکورٹی ، پولنگ عملہ و پولنگ میٹریل کی سیکیورٹی کے حوالہ سے ڈی آئی جی ہزارہ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

ڈی آئی جی ہزارہ محمد عالم شینواری سے ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سیکورٹی پلان کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ ایلیٹ فورس، آر آر ایف فورس ہر وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چاک و چوبند رہے۔ اسلحہ کی نمود و نمائش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ تمام سیاسی امیدواران و اعلیٰ عہدیدارن کے ساتھ میٹنگ کی جائے اور ان لوگوں کو اس بات کا پابند بھی بنایا جائے کہ وہ کسی بھی سیاسی جلسہ ، جلوس یا میٹنگ میں کوئی ایسی بیان بازی نہ کرے جس کی وجہ سے علاقہ کے امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہوجائے۔

سیاسی جلسہ جلوسوں کی خصوصی نگرانی کی جائے۔ ڈی پی اوز صاحبان اپنے اپنے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کرے کہ الیکشن دنوں میں وہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز ، سرائے کی روز مرہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے ۔ الیکشن ڈیوٹی کرنے والے تمام پولیس ملازمین کے رہائشی و دیگر انتظامات کو بہتر کیا جائے تاکہ پولیس ملازمین احسن طریقے سے اپنی الیکشن ڈیوٹی سرانجام دے سکے۔ ڈی پی او صاحبان اپنے اپنے اضلاع کے ڈی سی از اور ڈی آر او ز سے ہفتہ وار میٹنگ کا انعقاد کرے تاکہ الیکشن کی تمام صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال ہوتا رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع و دیگر اہم امور سے وقتاًفوقتاًصورتحال سے مجھے آگاہ کرتے رہے۔