نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا ترک صدر رجب طیب اردوان کو فون، ترکی کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں فتح پر مبارکباد دی

جدید ترکی کی تاریخ میں یہ ایک اہم موڑ ہے جس سے آنے والے دنوں میں ترکی میں ترقی اور خوشحالی کا سفر مزید تیز ہو گا،نگراں وزیراعظم

بدھ 27 جون 2018 23:26

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا ترک صدر رجب طیب اردوان کو فون، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو فون کرکے ترکی کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں فتح پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید ترکی کی تاریخ میں یہ ایک اہم موڑ ہے جس سے آنے والے دنوں میں ترکی میں ترقی اور خوشحالی کا سفر مزید تیز ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ترکی دنیا کے بہت سے ممالک کیلئے اپنی فعال جمہوریت کی وجہ سے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، ترکی کے عوام نے رجب طیب اردوان کے طویل المدت قومی وژن کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے ان پر بار بار اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

دونوں اطراف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مابین دوستی اور محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک اپنے برادر مسلمان ملکوں کے مابین ہم آہنگی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور خطہ اور دونوں اقوام کی سماجی و اقتصادی ترقی، امن، سلامتی اور استحکام کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے عوام کی طرف سے ترکی کے عوام کیلئے ہمیشہ خوشحالی، خوشیوں اور ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔