شاہد خاقان اور فواد چوہدری نے کاغذات مسترد کیے جانے کا فیصلہ چیلنج کردیا

ایپلٹ ٹریبونل نے اختیار سے تجاوز کیا ، ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں،سابق وزیراعظم کا موقف

جمعرات 28 جون 2018 13:12

شاہد خاقان اور فواد چوہدری نے کاغذات مسترد کیے جانے کا فیصلہ چیلنج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے اپنے آبائی حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے این اے 57مری نااہلی کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا‘سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے وکیل خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ایپلٹ ٹریبونل نے اختیار سے تجاوز کیا ہے، ٹریبونل کو تاحیات نااہلی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے ہائیکورٹ میں دائر اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق بیرون ملک دوروں پر32 لاکھ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک ان کے اثاثوں کی دستاویزات کا جائزہ نہیں لیا، کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی، ٹریبونل نیلف دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا لہذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔