فورم آف پاکستان (FPO)کی انیسویں سالانہ میٹنگ کا آزادکشمیرمیں انعقاد، محتسب آزادکشمیر کا اعزاز

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وفاقی اور تمام صوبائی محتسب صاحبان اس میٹنگ میں شرکت کریں گے

جمعرات 28 جون 2018 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) فورم آف پاکستان (FPO)کی انیسویں سالانہ میٹنگ کا آزادکشمیرمیں انعقاد، محتسب آزادکشمیر کا اعزاز،اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وفاقی اور تمام صوبائی محتسب صاحبان اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔،صدر آزادکشمیر سردار مسعود احمد خان اور وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی جانب سے بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار،معزز ممبران FPO کو State Guest قرار دے دیا گیا۔

محکمہ سروسز کی جانب سے تفصیلی پروگرام کا نوٹیفکیشن جاری ۔تفصیلات کے مطابق ادارہ محتسب آزادکشمیر فورم آف پاکستان کا باقاعدہ ممبر ہے ۔محتسب آزاد کشمیر ہر سال فورم کی میٹنگ میں آزادکشمیر کی جانب سے نمائندگی کرتے ہیں۔گزشتہ میٹنگ میں فورم آف پاکستان کی آئندہ سہ ماہی میٹنگ اس سال آزادکشمیر کے ضلع نیلم میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ،جو 29 جون تا یکم جولائی2018 ضلع نیلم کٹن و کیرن کے مقام پر انعقاد پذیر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ میٹنگ میں شرکت کے لیے پاکستان بھر کے محتسب صاحبان آج مظفرآباد پہنچیں گے۔ جن کو کوہالہ پل سے باقاعدہ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ مظفرآباد لایا جائیگا۔ معزز مہمانان گرامی کے اعزاز میں صدارتی سیکرٹریٹ میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ بعدازاں محتسب صاحبان FPO کی میٹنگ میںشرکت کے لیے کٹن ضلع نیلم کے لیے روانہ ہوں گے۔

30 جون کو کٹن کے مقام پر میٹنگ منعقد ہو گی جس میںفورم سے متعلق جملہ امور زیر بحث لائے جائیں گے۔ بعد ازاںاسی روز ممبران FPO جاگراں پاور ہائوس کا تفصیلی وزٹ بھی کریں گے۔یکم جولائی کو کیرن کے مقام پرہونے والی میٹنگ میں صدر ریاست سردار مسعود خان خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے معززممبران سے تفصیلی خطاب بھی کریں گے۔

ممبران FPO کی الوداعی تقریب پی سی ہوٹل مظفرآباد میں منعقد ہوگی جسمیں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان بھی شرکت کریں گے اور معزز مہمانان گرامی کو عصرانہ دیا جائیگا۔ محتسب آزادکشمیر ظفر حسین مرزا کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے نتیجہ میں حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ممبران FPO کو باقاعدہ طور پر ’’سٹیٹ گیسٹ ‘‘قرار دیا جا چکا ہے اور انتظامیہ اور پولیس کو سکیورٹی ، پروٹوکول و دیگر معاملات کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

FPO کی مذکورہ میٹنگ کا آزادکشمیر میں انعقاد حکومت آزادکشمیر کے لیے اعزاز کا باعث ہے جس میں پاکستان بھر کے محتسب صاحبان کی شرکت سے خطہ کی اہمیت اور افادیت کو تقویت ملے گی جس کے تحریک آزادی کشمیر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں آزادکشمیر کے دور افتادہ تفریحی مقام ضلع نیلم میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی مذکورہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہو گا۔واضح رہے کہ ادارہ محتسب FPO کے علاوہ محتسب کے بین الاقومی تین اداروں کا بھی ممبر ہونے کے باعث بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے اور اس حوالہ سے بیرون ممالک منعقد ہونے والی کانفرنسز میں آزادکشمیر کی جانب سے بھرپور نمائندگی کی جاتی ہے۔