پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینارکا انعقاد

جمعرات 28 جون 2018 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2018ء) پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام ’مقبوضہ کشمیر میںبھارتی ریاستی دہشت گردی ‘ کے موضوع پر سیمینار سنٹر کے ہال میں منعقد ہوا جس میں سابق سفیر اور صدر لاہورکونسل فار ورلڈ افیئرزپاکستان جاوید حسین نے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید ، فیکلٹی ممبران ، ایم فل /پی ایچ ڈی سکالرز اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں جاوید حسین نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیرسب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان جنگیں اور تنازعات ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پر بھارت کی جانب سے ظلم وستم کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ہوناپڑے گاجس کیلئے اقتصادی پالیسیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے سالانہ بجٹ کا تیس سے پچیس فیصد ڈیویلپمنٹ پر خرچ کرنا ہوگا۔