شاہد خاقان عباسی الیکشن لڑ سکیں گے یا نہیں۔۔۔

نا اہلی کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 جون 2018 15:01

شاہد خاقان عباسی الیکشن لڑ سکیں گے یا نہیں۔۔۔
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جون 2018ء) : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی نا اہلی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں این اے 157 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔

یاد رہے کہ 27 جون 2018ء کو این اے 57 سے ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوآرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔ راولپنڈی کے الیکشن ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس عباد الرحمان لودھی نے پی ٹی آئی کارکن مسعود احمد عباسی کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر سماعت مکمل کرکے دو روز قبل اس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اعتراض کنندہ نے مؤقف اپنایا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ریٹرننگ افسر کو دیئے گئے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی اور جائیداد کی درست تفصیلات نہیں بتائیں۔اعتراض کنندہ کے مطابق شاہد خاقان عباسی نیلارنس کالج کے جنگل پر قبضہ کر رکھا ہے ،ْ ان کے کاغذات میں ایف سیون ٹو میں مکان کی ملکیت بھی کاغذات نامزدگی میں کم لکھی گئی ہے، کاغذات نامزدگی میں پہلے 100 روپے والا اسٹامپ پیپر لگایا گیا اور بعد ازاں 500 روپے والا پیپر لگایا گیا ،ْالیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے درخواست گزار کے تمام اعتراضات کو منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چینلج کیا تھا، لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اپیلٹ ٹریبونل کے پاس ریٹرننگ افسران کے فیصلے کو قبول کرنے یا مسترد کرنے کا اختیار موجود ہے۔تاہم اپیلٹ ٹربیونل کے پاس کسی امیدوا ر کو تا حیات نا اہل قررا دینے کا اختیار موجود نہیں ہے لہٰذا عدالت اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

قبل ازیں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نا اہل ہونے پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی اہلیہ ثمینہ خاقان عباسی مسلم لیگ ن کی امیدوار ہوں گی ۔ ثمینہ خاقان عباسی ان کی کورنگ امیدوار ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کسی بھی صورت میں اپنا آبائی حلقہ کسی اور کو دینے کے لئے تیار نہیں ۔ تاہم اب لاہور ہائیکورٹ نے ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کو این اے 57 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔

یہان یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا،فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی تاحیات ناہلی کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے۔ فواد چوہدری مزید کہتے ہیں کہ مجھے لگ رہا تھا کہ صرف میرے خلاف دیا گیا فیصلہ ہی غلط ہے، لیکن سابق وزیراعظم کیخلاف دیا گیا فیصلہ بھی غلط ہے۔