ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان اور ایس ایس پی راجہ اکمل کی ہدایت پر نلوچھی پل کے ساتھ ایوارڈ شدہ رقبہ تحصیلدار مظفرآباد حماد بشیر نے واگزار کروا لیا گیا

جمعہ 29 جون 2018 16:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء)ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمان اور ایس ایس پی راجہ اکمل کی ہدایت پر نلوچھی پل کے ساتھ ایوارڈ شدہ رقبہ تحصیلدار مظفرآباد حماد بشیر نے واگزار کروا لیا۔ملک مصطفی نے پی ڈبلیو ڈی کے ایوارڈ شدہ رقبہ میں تجاوز کر کے دوکان اور دیواریں تعمیر کر رکھی تھی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیلدار مظفرآباد حماد بشیر نے ہمراہ اسٹیٹ آفیسر انجم بلال، ایس ایچ او راشد حبیب مسعودی اور دیگر کے نلوچھی پل کے ساتھ کارروائی کر تے ہوئے غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحصیلدار مظفرآباد حماد بشیر کا کہنا تھا کہ سرکاری زمین پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ پلان مرتب کر لیا گیا ہے جس کے ترغے میں وہ لوگ آئیں گے جنہوں نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے اس ہفتہ میں چار بڑی کارروائیاں کی ہیں اور با اثر افراد سے سرکاری اراضی واگزار کروائی ہیں۔

کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ا،ایس ایس پی مظفرآباد اور ان کی پوری ٹیم تجاوزات کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں جس کیلئے مجسٹریٹ صاحبان کی نگرانی میں مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے۔ عوام تعاون کریں تاکہ انتظامیہ تجاوزات کی روک تھام کیلئے اقدامات کر سکے۔