استنبول میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اچیومنٹ ایوارڈ تقریب،

پاکستان سے چار سو رکنی وفد کی شرکت

جمعہ 29 جون 2018 16:49

استنبول میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اچیومنٹ ایوارڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ترکی کے شہر استنبول میں آئی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ تقریب منعقد کی جس میں چیمبر کے صدر شیخ عامروحید کی قیادت میں پاکستان سے چار سو رکنی وفد نے شرکت کی۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی، ترکی کے ضلعی گورنرز کاظم تکین اور عبداللہ دولک، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا، ایسکن کے صدر حسن علی سیسر، ترکی کے البیرک گروپ کے چیئرمین احمد البیرک، اعزازی سرمایہ کاری قونصل سردار ستکوگلو ، برسا کیلئے پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل مورات تارمین ، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمدملک اور ترکی کی تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسپورٹ، رئیل اسٹیٹ، ہیلتھ کئیر اور کنزیومر پراڈیکٹس سمیت پاکستان کی مختلف شعبوں سے وابستہ کمپنیوں کو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آئی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوںنے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ ان ایونٹس کے انعقاد سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملاقات کرنے اور کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے کے عمدہ مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور ترکی اسلامی دنیا کی دو بڑی معیشتیں ہیں اور چیمبر کی طرف سے ترکی میں آئی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے کا مقصد پاکستان کی ان کمپنیوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنہوں نے کاروبار کے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی حاصل کی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ترکی میں اس تقریب کے انعقاد سے ترکی کی تاجر برادری کو بھی یہ موقع ملا ہے کہ وہ پاکستان کی اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ براہ راست ملاقات کر کے ان کے ساتھ کاروباری شراکتیں اور بزنس پارٹنرشپس قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لے سکیں۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کی طرف سے استنبول میں بزنس اپارچونیٹیز کانفرنس اور آئی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ تقریب کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم ہوں گے جس سے دونوں کی باہمی تجارت کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔

شیخ عامر وحید نے ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی اور خاص طور پر استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دونوں ایونٹس کے کامیاب انعقاد کیلئے چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ ترکی کی تاجر برادری بھی پاکستان میں اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کرنے کی کوشش کرے جس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات قائم ہوں گے۔ انہوںنے تقریب میں شرکت کرنے پر ترکی کے معزز مہمانوں اور تاجر برادری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے ثقافتی نمائندگان نے کلچرل اور میوزیکل پروگرام بھی پیش کئے اور شرکاء سے بھرپور داد حاصل کی۔