عوام جاننا چاہتے ہیں گزشتہ حکومتوں نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے کیا کردار ادا کیا،مزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 29 جون 2018 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242 اور این اے 243 سے نامزد امیدوارمزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ گزشتہ حکومتوں نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے کیا کردار ادا کیا۔ منتخب نمائندے مدت پوری کرنے کے باوجود مسائل کی طرف توجہ نہیں دے سکے۔ پانی کا مسئلہ کراچی سمیت ملک بھر میں شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

مسائل کو نظر انداز کرکے اپنے مفادات کی فکر کرنے والے عوامی نمائندے کہلانے کے قابل نہیں۔ ملی مسلم لیگ خدمت کی سیاست سے شہریوں کے مسائل حل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس 111 ڈیفنس فیز 4 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ایس 111 سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبر تحریک کے نامز امیدوار محمد آصف اور معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کو ملک و قوم کا مفاد عزیز ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ماضی میں یہاں سے کامیاب ہونے والوں نے اس شہر کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ پانی، سیوریج، صحت و تعلیم کے مسائل بجائے حل ہونے کے مزید ابتر ہوچکے ہیں۔ ملی مسلم لیگ اس شہر کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام حلقوں میں گھر گھر جاکر اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدواروں کے لیے ووٹ کی درخواست کریں گے۔ ملی مسلم لیگ کے کارکنان اور ذمے داران بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلائیں۔ تمام حلقوں میں زبردست انتخابی مہم چلاکر بھرپور نتائج حاصل کریں گے۔ ان شاء اللہ جیت اسلام و پاکستان کے وفاداروں کی ہوگی۔