جماعت اسلامی شانگلہ نے اپنے امیدواروںکی کاغذات نامزدگی واپس لے لئے

جمعہ 29 جون 2018 19:27

شانگلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) شانگلہ میں ایم ایم اے کی دوبڑی مذہبی جماعتوںجماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام( ف) کے درمیان مفاہمت کامیاب ہوگئی جس کے بعدجماعت اسلامی شانگلہ نے اپنے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ،محمد یار خان ایم ایم اے حلقہ پی کے 23شانگلہ ون،شیر عالم خان حلقہ پی کے 24شانگلہ ٹو اور امیر سلطان این اے 10 سے متفقہ امیدوار نامزدکردئے گئے۔

جماعت اسلامی شانگلہ نے بھی صوبائی مجلس عمل کی جانب سے جاری کردہ ٹکٹوں کی تائید کردی ۔تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کی شانگلہ میں جاری اختلافات ختم ہوگئے ، گزشتہ روزجمعیت علماء اسلام ف کے رہنماء اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوارمحمد یار خان کے قیادت میں ایم ایم اے کے نمائندہ وفد کی جماعت اسلامی کے ضلعی رہنمائوں سے اہم ملاقات ہوئی جس میں ٹکٹوں کی تقسیم سمیت جمات اسلامی کے تحفظات کو دور کردیا گیا ، محمد یار خان کے مطابق حاجی واقف شاہ ایڈووکیٹ سمیت جماعت اسلامی کے دیگر رہنمائوں نے تمام معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ، جس کے بعدمتحدہ مجلس عمل کی جانب سے شانگلہ میں جاری کردہ ٹکٹوں پر متفق ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے نے شانگلہ کے قومی نشست این اے 10کیلئے امیر سلطان ، پی کے 23شانگلہ ون کیلئے محمد یار خان ، پی کے 24شانگلہ ٹو کیلئے شیر عالم خان کو نامزد کردیا ہے۔ جماعت اسلامی نے تینوں امیدواران تسلیم کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پرمتحد ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔اجلاس میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا نجم اللہ ، فدا محمد ایڈووکیٹ ، حاجی شیر آمان ،حاجی واقف شاہ سمیت جے ائی کے دیگر رہنمائوں جبکہ جمعیت علماء اسلام کے امیر سلطان ، محمد یار خان ،شیر عالم خان ،مولانا فضل خالق سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی ۔

ان رہنمائوں نے متفقہ طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل شانگلہ میں کلین سویپ کریگی،دینی جماعتوں کے اتحاد سے سیکولر جماعتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، ایم ایم اے صوبے میں ائندہ حکومت بنا کر اس صوبے کی محرومیوں کے ازالہ کے کوشش کریں گے۔