میئرکراچی ضلع وسطی کے دورے پر ،نالہ صفائی مہم کی پروگریس کا جائزہ لیا

جمعہ 29 جون 2018 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) میئرکراچی وسیم اختر نے بلدیہ وسطی میں لیاقت آباد سی ون ایریا سے گزرنے والے گجر نالہ ،جبکہ جہانگیر آباد سے گزرنے والی لیاری ندی پر صفائی کے کام کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ،وائس چیئرمین سید شاکر علی بھی انکے ہمراہ تھے۔میئر کراچی وسیم اختر نے ریحان ہاشمی کے ہمراہ ضلع وسطی میں جاری نالہ صفائی مہم کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے صفائی مہم کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہا رکیا۔ اس موقع پر ریحان ہاشمی نے میئر کو نالہ صفائی میں حصہ لینے والے کارکنان کی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ بلدیہ وسطی کے پاس ضرورت سے کم مشینری ہونے کی وجہ سے نجی اداروں سے مشینری کرائے پر لی گئی۔

(جاری ہے)

تاہم مشکلات کے باوجود صفائی مہم کا پچاس فیصد سے زیادہ ہدف حاصل کیا جاچکا ہے۔

اس سلسلے میں سینٹری اور بلڈنگ و روڈ ڈپارٹمنٹ کا عملہ دن رات پوری جانفشانی سے کام کررہاہے۔ جبکہ خود ریحان ہاشمی مختلف اوقات میں صفائی مہم کے مقامات کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور کارکنان کی محنت پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مون سون کی بارشوں کاسلسلہ کسی بھی وقت شروع ہوسکتاہے۔ ایسے میں برسوں سے کچراکا ڈھیر بنے ہوئے برساتی نالے بجائے پانی کی نکاسی کے شہر میں گندگی پھیلانے کا سبب بن سکتے ہی، اس ممکنہ صورتِ حال کے پیشِ نظر بلدیہ وسطی کی انتظامیہ برساتی نالوں کی فوری صفائی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی ممکنہ پریشان کن صورتِ حال سے بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :