25جولائی پاکستان میں اسلام پسندوں کی فتح کا دن ہوگا، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

ہفتہ 30 جون 2018 20:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جون2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ومجلس عمل کے این اے 256سے نامزد امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ 25مئی ملائیشیا،25جون ترکی اور 25جولائی ان شائ اللہ پاکستان میں اسلام پسندوں کی کامیابی کا دن ہوگا،پاکستان واسلام لازم وملزوم ہیں، مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام،مہنگائی،بیروزگاری کا خاتمہ کرکے اسلام کا عادلانہ نظام کے ذریعے اسلامی وخوشحال پاکستان بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امیدوار پی ایس130نسیم احمد صدیقی کے ہمراہ بلاک جے نارتھ ناظم آباد میں عوامی رابطہ عوام مہم کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال سے برسراقتدارآنے والے حکمرانوں کی اکثریت نے سیاست کو پیسہ بنانے اور کرپشن کا ذریعہ سمجھ کر لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ملک کا عزت وقار مجروح اور عوام دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہیںجبکہ ہم سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ اور رضائے الاہی کا حصول سمجھتے ہیں، یہ سب کچھ دعویٰ نہیں عملی طور پر ثابت بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی اور سابق ناظم اعلیٰ نعمت اللہ خان کا کام اور کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ عوام نے خدمت کا موقع دیا تو کراچی کو دوبارہ امن کا گھوارہ اور روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔