مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کی علمبردار ہے، ہفتہ الحاق پاکستان حسب روایت شان شایان انداز میں منائیں گے، کوٹلی میں ہوائی جہاز سروس شروع ، ریل کی پٹری بچھائی جائے گی، ملک محمد نواز خان

منگل 3 جولائی 2018 15:30

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سینئر رکن ، سابق سینئر وزیر اور مسلم کانفرنس کے رہنما ملک محمد نواز خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی صرف مسلم کانفرنس کے دور میں ہوئی ۔ مسلم کانفرنس کشمیر یوں کی واحد نمائندہ اور نظریاتی جماعت جو تحریک آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کی علمبردار ہے ۔

ہفتہ الحاق پاکستان حسب روایت شان شایان انداز میں منائیں گے ۔ وزیر زراعت و آبپاشی ، وزیر تعمیرات عامہ اور دیگر وزراء کا مشکور ہوں جنھوں نے میری تحریک پر دندلی کوٹلی نہر ، گریٹر واٹر فیز ٹو، اور کوٹلی میں پائپ لائنوں کی تبدیلی کے منصوبہ جات کو حکومتی بجٹ میں شامل کیا ۔ کوٹلی میں لیگی ٹکٹ ہولڈر کو ملنے والے 9 کروڑ روپے کے فنڈز کرپشن کی نذر ہوئے ۔

(جاری ہے)

لوگ لیگی ٹکٹ ہولڈر کے اعلانات پر عمل کے منتظر ہیں ۔ جنھیں ویزے کا لالچ دیا گیا ان کے پاسپورٹ اور رقمیں واپس دلوائی جائیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ مسلم کانفرنس کی حکومتوں کے دوران آزاد کشمیر میں سیاسی نظم و ضبط موجود تھا ۔ سردار عبدالقیوم خان ، سردار سکندر حیات خان اور سردار عتیق احمد خان کے دور میں ریاستی خزانہ تعمیر و ترقی پر خرچ ہوتا تھا ۔

عتیق خان کے دور کے منصوبہ جات آج بھی زیر کار ہیں ۔ بالخصوص کوٹلی میں آج تک جتنے بھی کام ہوئے وہ مسلم کانفرنس کے ہاتھوں ہوئے ۔ اس وقت بھی گریٹر واٹر سکیم پر کام جاری ہے ۔ یہ ہمارا شروع کیا ہوا منصوبہ ہے ۔ بعد کی حکومتوں نے سست روی کا مظاہر ہ کیا۔ دندلی کوٹلی نہر طویل مدت کے بعد ہم نے پختہ کر کے بحال کی ۔لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متاثر ہے۔

گریٹر واٹر فیز ٹو، کوٹلی شہر کی بوسیدہ پائپ لائینوں کی تبدیلی ، اور دندلی کوٹلی نہر کی بحالی کے لئے میں نے اسمبلی میں تحریک کی تھی ۔ جس پر وزیر زراعت و آب پاشی، وزیر تعمیرات عامہ اور دیگر وزراء نے ان منصوبہ جات کو بجٹ میں شامل کر دیا ہے ۔ ان کا مشکور ہوں ۔ پیسہ منتقل ہوتے ہی کام شروع ہوجائے گا ۔ مدمقابل لیگی ٹکٹ ہولڈر کو 9 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہوئے جو کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں ۔

ان کی تحقیقات کی جائے ۔ غیر منتخب لوگوں کو ریاستی فنڈز جاری کر کے قوم کا نقصان کیا گیا۔ الیکشن کے دوران لیگی ٹکٹ ہولڈر نے اعلان کیا تھا کہ حلقہ ایک کوٹلی سے ایک سو ٹیچر ، ایک سو پولیس ملازم ،پی آئی اے میںایک سو ملازم اور ریلوے میں ایک سو ملازم بھرتی ہوں گے ۔ کوٹلی میں ہوائی جہاز سروس شروع کرنے والے ہیں ۔ کوٹلی میں ریل کی پٹری بچھائی جائے گی ۔

لوگوں کو ویزوں کا جھانسہ دیکر ان سے پاسپورٹ اور رقمیں وصول کی گئیں ۔ نہ پاسپورٹ ملا اور نہ ویزہ ،کوٹلی حلقہ ایک کے عوام یوسف ملک کو تلاش کر رہے ہیں اور وہ غائب ہیں ۔ انھوںنے مطالبہ کیا کہ نو کروڑ روپے کی کرپشن کا احتساب کیا جائے ۔ لوگوں کے پاسپورٹ اور رقمیں واپس دلوائی جائیں ۔ کوٹلی میرا حلقہ انتخاب ہے اور میں عوام حلقہ کا وارث ہوں ۔ کوٹلی کے مسائل پہلے بھی ہم نے ہی حل کئے اور آئندہ بھی ہم ہی حل کریں گے ۔