پولنگ ڈے پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے بلاامتیازنفاذ کو یقینی بنایا جائے گا،نگران وزیر اعلی پنجاب

منگل 3 جولائی 2018 23:27

پولنگ ڈے پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے بلاامتیازنفاذ کو یقینی بنایا ..
ملتان۔3 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا ایجنڈا صرف فری اینڈ فیئر الیکشن ہے ،پنجاب میں پولنگ سٹیشن کی تعداد بڑھنے سے انتظامی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا۔سرکٹ ہاؤس ملتان میںالیکشن انتظامات کے سلسلے میں ملتان ،بہاولپور اورڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنروں اورآرپی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ پولنگ ڈے پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے بلاامتیازنفاذ کو یقینی بنایا جائے گا،امن و امان کی صورتحال کے تمام پہلو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جارہے ہیں ،آزادانہ انتخابات کے مقاصد کے حصول کیلئے انتظامیہ بنیادی کردار ادا کرے گی،الیکشن انتظامات کے سلسلے میں پولیس ،ایڈمنسٹریشن اوردیگر اداروں کا اشتراک قابل تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیرداخلہ شوکت جاوید نے کہا کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنا چاہیے،دہشت گردی کے امکانات کو یکسر مسترد نہیں کیا جاسکتا۔قبل ازیں اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ملتان ڈویژن کے کمشنر ندیم ارشاد کیانی اورآر پی او ابوبکرخدابخش ،ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنر رانا گلزار ،آر پی او فیصل شاہکاراوربہاولپور کے کمشنر نیئر اقبال اورآر پی او شیخ عمر نے اجلاس میں تمام اضلاع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ الیکشن کے دوران ہوائی فائرنگ اورفائر کریکر کی اجازت نہیںدی جائے گی،سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا،پولنگ مٹیریل کو کڑی نگرانی میں ٹرانسفر کیا جائے گا،پولنگ سٹیشن کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی سکیورٹی سخت کی جائے گی،الیکشن ڈے پر ہنگاموں سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کیے جائیں گے،پولیس مختلف مقامات پر تعیناتی کے ساتھ ساتھ مو ثر گشت بھی کرے گی۔اجلاس میں نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدررضوی،شوکت جاوید ،سیکرٹری ٹو سی ایم خرم علی آغا، ایڈیشنل سیکرٹری انور کھرل اوردیگر حکام بھی موجود تھے ۔