ملئیے پنجاب پولیس کی لیڈی افسر آمنہ بیگ سے

آمنہ بیگ اپنے طرز عمل سے نہ صرف پنجاب پولیس بلکہ خواتین کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرنے کے لیے کوشاں ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 3 جولائی 2018 23:36

ملئیے پنجاب پولیس کی لیڈی افسر آمنہ بیگ سے
گجرات (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-03جولائی 2018ء) :ملئیے پنجاب پولیس کی بنگ لیڈی افسر آمنہ بیگ سے جو گجرات میں اسسٹنٹ سپرٹنڈنٹ کی حیثیت سے تعینات ہیں۔ آمنہ بیگ اپنے طرز عمل سے نہ صرف پنجاب پولیس بلکہ خواتین کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق جب بھی ہمارے زبان پر پنجاب پولیس کا نام آتا ہے تو ہمارے ذہئن میں پنجاب پولیس کا ایک انتہائی منفی سا خاکہ ابھرتا ہے۔

جس میں رشوت ستانی ، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے بدتمیزی نمایاں نظر آتی ہے لیکن اسی پولیس میں بہت سے افسران ایسے بھی ہیں جن کی ایمانداری زبان زد عام ہیں اور انہی میں سے ایک آمنہ بیگ ہیں۔آمنہ بیگ ہنزہ سے تعلق رکھتی ہیں۔آمنہ بیگ نے اپنی بیچلرز کی ڈگری نسٹ سکول آف بزنس سے حاصل کی اور 2015 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا جبکہ اس سے پہلے وہ بیکنگ کیک کے کاروبار سے منسلک تھیں۔

(جاری ہے)

آمنہ بیگ اس وقت گجرات میں بطور اسسٹنٹ سپرٹنڈنٹ پولیس تعینات ہیں ۔اگرچہ آمنہ بیگ کا علاقہ جرائم کی شرح کے حوالےسے بدنام ترین علاقہ ہے لیکن پھر بھی آمنہ بیگ دن رات ایک کر کے اپنے علاقے میں جرائم کی شرح کو کم کرنے میں مشغول ہیں۔اپنے کام کے تجربے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آمنہ بیگ نے بتایا کہ انہیں ان کے سینئیرز اور بیچ فیلوز کی جانب سے وہ عزت ملی جس کی انہیں توقع نہ تھی ۔

انکا کہنا تھا کہ انکے ساتھیوں نے ان میں آگے بڑھنے اور کام کرنے کا حوصلہ پیدا کیا اور انہیں سکھایا کہ کس طرح وہ اپنی جنس کی پرواہ کئیے بغیر آگے بڑھ سکتی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ میرا مقصد یہ ہے کہ میں پولیس کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے منفی تاثر کی نفی کروں اور جہاں تک ممکن ہو سکے عوام اور پولیس کے درمیاں موجود فاصلوں کو کم کرتے ہوئے ایک اچھا تعلق قائم کروں۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ لڑکیوں کے بارے میں عام طور پر یہی تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ پولیس فورس جوائن نہیں کر سکتیں۔انہوں نے اپنا تجربہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایک لڑکی نے ان سے پوچھا کہ وہ کیا کرتی ہیں جب میں نے اسے بتایا کہ میں پولیس افسر ہوں تو اسے یقین نہیں آیا ،اسکا کہنا تھا کہ لڑکی پولیس افسر نہیں ہو سکتی ،آمنہ بیگ کا کہنا تھا کہ میں لڑکیوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ لڑکیوں کے لیے ہر چیز ممکن ہے۔ آمنہ بیگ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں اور انکا ٹوئیٹر اکاونٹ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔