Live Updates

مریم نواز نے کسی بھی صورت انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا اعلان کردیا

انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے اور ہم کریں گے، بائیکاٹ کا سوال ہی پید انہیں ہوتا: مریم نواز کا لندن سے خصوصی پیغام

muhammad ali محمد علی بدھ 4 جولائی 2018 21:58

مریم نواز نے کسی بھی صورت انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا اعلان کردیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2018ء) نااہل قرار دیے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کسی بھی صورت انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ لندن سے جاری کیے گئے خصوصی پیغام میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے اور ہم کریں گے۔ کسی بھی انتخابات کے بائیکاٹ کا سوال ہی پید انہیں ہوتا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ والدہ بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے بعد اپنے وطن واپس چلے جائیں گے۔ میری والدہ کی کل سرجری ہوئی ہے، امید ہے جلد ہوش میں آ جائیں گی۔ بدھ کو لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ جس طرح نیب میں ان کا ٹرائل کنڈکٹ کیا گیا سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

100کے قریب پیشیاں بھگتیں، اب بھی واپس پاکستان جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ کا سوال ہی پید انہیں ہوتا، انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے بلکہ آخری گیند اور آخری لمحے تک مقابلہ کرنا چاہیئے اور ہم کریں گے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل انشااللہ پاکستان پہنچ جاوں گی اور یقین ہے کہ آخری فتح پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہو گی۔

مریم نواز نے جیل کی سزا ہونے کی صورت میں سزا قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ جیل جانے میں ڈرنے کی کوئی بات نہیں، میں جیل جانے کے لیے بھی تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال کے دوران کسی نے یہ لڑائی نہیں لڑی اور اس لڑائی کی قیمت ہمیں ادا کرنا پڑے گی۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے، ہم یہ لڑائی ہر صورت لڑتے رہیں گے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اس سے قبل مریم نواز کے والد نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے 6 جولائی تک پاکستان واپس جانے سے انکار کردیا تھا۔ نواز شریف نے احتساب عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی حالت تشویش ناک ہے، لہذا ان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے اسے 6 جولائی کو مت سنایا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات