ہسپتالوں کا بجٹ انتخابی انتظامات پر خرچ کرنے کی خبر بے بنیاداورحقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے‘ترجمان محکمہ صحت پنجاب

تمام ضلعی ہسپتالوں میں اوسطاً 60 کروڑ کی خطیر رقم سے انفرا سٹریکچر بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ سی ٹی سکین سمیت دیگر جدید طبی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں، گذشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر کے ہسپتالوں میںہیپاٹائیٹس کے 35700 مریض رجسٹرڈ ہوئے اور رورل ایمبولینسز کے ذریعے 50 ہزار حاملہ خواتین کو ہسپتال پہنچایا گیا

جمعہ 6 جولائی 2018 16:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2018ء) ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہسپتالوں کی بہتری، مریضوں کے علاج معالجے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور ان میں طبی سہولیات کی فراہمی منظور شدہ پی سی وًن کے مطابق جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اضلاع میں نئے ہسپتال بنانے کی بجائے پہلے سے موجود ضلعی ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور ان میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ہسپتال کو اوسطاً 60 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی گئی جس سے ان تمام ہسپتالوں کے انفرا سٹریکچر کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ان میں طبی اور دیگر سہولیات باہم مہیا کی جا رہی ہیں ۔ ہسپتالوں میں لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کا متبادل نظام موجود ہے اور ہسپتالوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی دیکھ بھال کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہا ہے اورگذشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب بھر کے ہسپتالوں میںہیپاٹائیٹس کے 35700 مریض رجسٹرڈ ہوئے اور رورل ایمبولینسز کے ذریعے 50 ہزار حاملہ خواتین کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاثربے بنیاد اورحقائق کے منافی ہے کہ پنجاب میں ہسپتالوں کو فراہم کیا جانے والا پیسہ عام انتخابات کے اخراجات یا کسی اورمقصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور ان میں جدید سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جس سے نہ صرف ہسپتالوں کی ظاہری صورتحال اچھی ہوئی ہے بلکہ عوام کو بہتر،سستا اور بر وقت علاج معالجہ بھی میسر آیا ہے۔ تمام ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین جیسی جدید طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں تاکہ صوبے کے عوام اس سہولت سے یکساں طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نگران حکومت صوبہ بھر میں جاری صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے ۔