خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم کے متعدد رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی عدالت کا مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست کو پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 7 جولائی 2018 16:49

خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم کے متعدد رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2018ء) انسداد دہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنویئنر خالد مقبول صدیقی سمیت متعدد رہنمائوں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ہفتہ کوکراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنمائوں کے خلاف میڈیا ہائوسز پر حملے، جلا ئوگھیرائو، ملکی سالمیت کے خلاف نعرے بازی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی، عامر خان اور فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ پارٹی کے منحرف رہنما شاہد پاشا اور امجد اللہ خان بھی جج کے روبرو حاضر ہوئے۔عدالت نے عدم پیشی پر دو مقدمات میں ایم کیو ایم بانی، ایم کیو ایم کنویئنر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست تک پیش کیا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ انتخابی مہم چلانے کے لئے ایم کیو ایم کے پاس دفاتر تک نہیں ہیں، لیکن 25 جولائی کو تبدیلی آئے گی اور ایم کیو ایم منتخب ہوگی، یہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے، عوام کو اس کے صبر کا پھل ملنے والا ہے، اس بار پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں ہوگی۔