استحصال سے پاک معاشرہ چاہتاہوں،میرا مقابلہ سیاسی جماعت سے نہیں عوامی مسائل سے ہے،پیپلزپارٹی قربانیاں دینے والی جماعت ہے،ہم نے پہلے بھی قربانیاں دیں،آئندہ بھی قربانیوں کے لیے تیارہیں،بلاول بھٹو

اتوار 8 جولائی 2018 23:50

مظفرگڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی قربانیاں دینے والی جماعت ہے ۔ہم نے پہلے بھی قربانیاں دیں اور آئندہ بھی قربانیوں کے لیے تیارہیں۔ان خیالات کااظہاز انہوں نے خانگڑھ میں پیپلزپارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ خان گڑھ نوابزادہ نصر اللہ خان کاعلاقہ ہے جو جمہوریت کی علامت تھے۔

انہوںنے کہاکہ اس شہر کے بزرگوں نے پیپلزپارٹی کاساتھ دیا اورآئندہ آپ بھی ہمارا ساتھ دیں۔نوابزادہ نصراللہ خان کے صاحبزادے نوابزادہ افتخار احمدخان ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی آگ کے دریا سے گزری ہے۔یہ شہیدوں کی جماعت ہے۔انہوں نے کہاکہ ذوالفقاربھٹو کو پھانسی، شاہنواز بھٹو کوزہر،مرتضی بھٹو کوگولیوں کانشانہ بنایاگیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے جمہوریت کی خاطر جیلیں کاٹی ہیں۔بلاول بھٹو نے کہاکہ میرا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ آپ کی غربت اور آپ کی محرومیوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ میں استحصال سے پاک معاشرہ چاہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے غریب کا ساتھ دیا تو وہ ذوالفقارعلی بھٹو تھے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ غریبوں کی مدد کی ۔انہوں نے کہاکہ میں ایسا معاشرہ چاہتاہوں جس میں سب کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں اور معاشی انصاف ملے۔

انہوں نے کہاکہ یہ شہید بی بی کامشن تھا اور مجھے اس مشن سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہاکہ شہید بے نظیر بھٹو نے عوام کی خاطر قربانی دی ۔وہ آمروں سے ٹکرائیں لیکن انہوں نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کیا۔انہوں نے کہاکہ میں عوام دوست اورکسان دوست منشور لایا ہوں۔

اس منشور میں ہم نے بے نظیر کسان کارڈ کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس کسان کارڈ کے ذریعے یوریا کی بوری آج 1800روپے کی ہے وہ پانچ سو روپے کی دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ڈی اے پی کھاد 3200کی بجائے 1700میں فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات میں فصلوں کی انشورنس کی جائے گی۔بلاول بھٹو نے کہاکہ اس منشور میںہم نے بھوک مٹائو پروگرام بھی شامل کیا ہے۔بھوک مٹائو پروگرام میں کھانے پینے کی اشیاء سستی داموں فراہم کی جائیں گی۔