ڈاکٹرفاروق ستار کاشفاف الیکشن کے انعقاد پر خدشات کا اظہار

کراچی کی سیٹیں دوجماعتوں کو دینے کی تیاری ہے، میچ پہلے سے فکس ہے اور نتائج بدلے جائیں گے ،رہنما ایم کیوایم پاکستان

پیر 9 جولائی 2018 16:17

ڈاکٹرفاروق ستار کاشفاف الیکشن کے انعقاد پر خدشات کا اظہار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے شفاف الیکشن کے انعقاد پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے جھنڈے اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں،کراچی کی سیٹیں دوجماعتوں کو دینے کی تیاری ہے، میچ پہلے سے فکس ہے اور نتائج بدلے جائیں گے ،ووٹرز ٹرن آٹ کم ہوگا تو دھاندلی کرنا آسان ہوگی، بظاہر انتخابی میچ فکس ہوتا دکھائی دیتاہے۔

ہم لوگ کم پیسوں پر الیکشن لڑتے ہیں، کراچی میں ضابطہ اخلاق کا سختی سے اطلاق ہورہا ہے، پوسٹر اور بینرز اتارے جارہے ہیں جب کہ دوسرے صوبوں میں انتخابی مہم پورے زور و شورسے جاری ہے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایک سیلفی کی قیمت پہلے ڈھائی سو ووٹ تھی لیکن اب اس کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، اب ڈھائی سو ووٹ اور پانچ درخت بھی لگانا ہوں گے جبکہ ہمیں ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے شجرکاری کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے کچھ روز پہلے ماحول کچھ اور ہی نظر آئے گا۔ الیکشن کا ماحول بنا تو کوئی تحریک انصاف کوئی پاک سرزمین پارٹی کی بات کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم بہت کم پیسوں میں الیکشن لڑتے ہیں، کم پیسے خرچ کر کے کوئی الیکشن لڑتا ہے تو وہ ایم کیو ایم ہے۔ ایم کیو ایم کا کم خرچ بالا نشین والا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مختلف جماعتوں کے بینروں اور جھنڈوں سے سجایا جا رہا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم کیو ایم کے بینرز اور جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔

کراچی میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہو رہا ہے، یہاں انتخابی مہم پر پابندی کیوں ہے، کوشش کی جا رہی ہے کراچی میں ٹرن آئوٹ کم اور دھاندلی آسانی سے ہو۔فاروق ستارنے کہاکہ میچ اس طرح فکس ہوگا تو چند سیٹیں ایک اور چند دوسری پارٹی کو ملیں گی، رہ جانے والی سیٹیں ایم کیو ایم کو دے دی جائیں تو قبول نہیں کریں گے۔انہوں کے کہا کہ یہ موقع نہیں دینا چاہیئے ایم کیو ایم بائیکاٹ کے بارے میں سوچے، یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کروایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین کی اکثریت نے بیرون ملک سیٹیں بک کروالی ہیں، شکست کا غم منانے کے لیے بیرون ملک جائیں گے، سزا کسی کو بھی ہو پیشیاں سب سے زیادہ ہم ہی بھگت رہے ہیں۔