کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر خود ساختہ قوانین کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک شروع کرینگے،حمید اللہ خان

پیر 9 جولائی 2018 20:43

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جولائی2018ء) آل پاکستان تحریک کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین حمید اللہ خان نے وفاقی حکومت اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن کے شہریوں کیلئے میگا نادرا کا قیام اور پاک افغان باب دوستی اور کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر خود ساختہ قوانین کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر انتخابات کے بعد پر امن احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان تحریک نے عوام کی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 25 کوئٹہ اور پی بی 23 چمن کیلئے امیدوار میدان میں اتارے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مختلف مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عوام کو ہر طرف افرا تفریح کاسامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر سختی کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہوا ہے بارڈر پر روانہ 30 ہزار سے زائد افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے مگر بد قسمتی سے کہ خواتین، بچوں اور بیمار افراد کیلئے الگ راستہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ ، آئی جی ایف سی بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی لوگوں اور تاجر برادری کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہاں آ سانیاں پیدا کریں تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ہی ماضی کی حکومتوں نے چمن کے شہریوں مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور نہ ہی نگران حکومت اس جانب توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ چمن کے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے خود ساختہ شرائط کو وجہ شناختی کارڈ کے حصو ل میں دشواری کا سامنا ہے، حمید اللہ خان نے وفاقی حکومت اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن کے شہریوں کیلئے میگا نادرا کا قیام اور پاک افغان باب دوستی اور کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ پر خود ساختہ قوانین کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر انتخابات کے بعد پر امن احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔